دعوت دین کے لیے مستحکم بیت المال ضروری ہے،شاہد ہاشمی

119

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی ضلع شرقی کے امیر سید شاہد ہاشمی نے کہا ہے کہ دعوت دین کے فروغ کے لیے بیت المال کا استحکام بہت ضروری ہے۔ کورونا کی حالیہ وبا اور لاک ڈاون کے دوران جماعت اسلامی اور الخدمت نے ملک بھر میں کروڑوں روپے کا راشن تقسیم کیا۔ ایسے لوگوں نے بھی جماعت اسلامی پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا جو دوسری جماعتوں کو ووٹ دیتے ہیں ان لوگوں نے بڑے پیمانے پر عطیات جماعت اسلامی کو دیے۔ وہ جماعت اسلامی علاقہ گلشن فیصل کینٹ کے اجتماع کارکنان سے خطاب کررہے تھے۔ حالیہ سینیٹ انتخابات کے متعلق ایک سوال کے جواب میں شاہد ہاشمی نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کا کام رائے عامہ بنانا ہوتا ہے رائے عامہ کے پیچھے چلنا نہیں۔ جس طرح گھوڑے کو گھوڑا گاڑی کے پیچھے نہیں لگایا جاسکتا نہ ہی ریلوے کا انجن ڈرائیور مسافروں سے پوچھ کر گاڑی چلاتا ہے اگر ایسا ہو تو ٹرین کبھی منزل مقصود پر نہ پہنچ سکے۔ انتخابی سیاست میں ہر قدم پر فیصلہ کرنا ہوتا ہے جو رہنما لوگوں کی رائے دیکھ کر فیصلہ کریں وہ لیڈر شپ کے اہل نہیں ہوتے۔انہوںنے کہا کہ الخدمت کی فلاحی خدمات اب کسی تعارف کی محتاج نہیں ہیں۔