اعلان کے ایک سال بعد بھی کراچی میں موبائل یوٹیلٹی اسٹورز کی سروس شروع نہ ہو سکی

241

کراچی(رپورٹ:منیرعقیل انصاری) وفاق حکومت نے رمضان المبارک کے دوران کراچی کے یوٹیلٹی اسٹورز کیلئے اشیائے ضروریہ کا کوٹہ 200 فیصد کم کردیا جس کی وجہ سے یوٹیلیٹی اسٹورز سے سبسڈی مصنوعات ناپید ہو گئیں ہیں۔

دوسری جانب وفاقی وزیر اسد عمر کی جانب سے گزشتہ سال رمضان المبارک میں موبائل یوٹیلٹی اسٹورز کے اعلان کے باوجود اب تک کراچی میں موبائل یوٹیلٹی اسٹورز کی سروس شروع نہ ہو سکی۔ کراچی کے بیشتر یوٹیلٹی اسٹورز پر اشیاء ضرویہ کی عدم فراہمی یوٹیلٹی اسٹورز کے ملازمین اور صارف کے درمیان لڑائی جھگڑے کا سبب بن گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے رمضان المبارک کے دوران گذشتہ برس کی نسبت کراچی کے100سے زاید یوٹیلیٹی اسٹورز کا کوٹا 2سو فیصد کم کردیا ہے۔ذائع کے مطابق رمضان المبارک کے دوران فی یوٹیلٹی اسٹور کوچینی کا روزانہ کوٹہ 2 ہزار کلو گرام سے کم کرکے 2 سو کلو گرام جبکہ آٹا کا کوٹہ 3 ہزار کلو گرام سے کم کرکے 3 سو کلو گرام کردیا گیاہے۔

اسی طرح گھی، کوکنگ آئل، بیسن اور دالوں سمیت دیگر اشیا کا کوٹا گذشتہ سپلائی کے مقابلے50فیصد کم کیا گیا ہے۔ گزشتہ روز رمضان ریلیف پیکج سے استفادہ کرنے کیلئے شہریوں کی بڑی تعداد نے یوٹیلیٹی اسٹورز کا رخ کیا تاہم کراچی کے بیشتر یوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیا ء کی قلت کی شکایات سامنے آئی ہیں۔

خریداری کے لیے آئے شہری پریشانی کا شکار نظر آئے۔ رمضان المبارک سے قبل یوٹیلیٹی اسٹورز پر آٹا، چینی، گھی، کوکنگ آئل، بیسن اور دالوں سمیت دیگر اشیا خورونوش نایاب ہو گئیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے یوٹیلیٹی اسٹورز کا کوٹا کم کرکے کراچی دشمنی کا ثبوت دیا ہے‘ ریلیف پیکج کے نام پر عوام کو بے وقو ف بنا یا گیا ہے۔

دوسری جانب پاکستان یوٹیلیٹی اسٹورز نیشنل ورکرز یونین کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ حکومت کراچی کے یوٹیلیٹی اسٹورز کو سابق کوٹے پر سامان مہیا نہیں کر رہی ہے جس کی وجہ سے ہم شہریوں کی طلب کو پورا کرنے میں ناکام ہیں۔کراچی کے یوٹیلٹی اسٹورز کا کوٹہ کم کرنے کی وجہ سے اشیائے ضروریہ کراچی کے شہریوں کی پہنچ سے باہر ہے۔

وفاقی حکومت نے یوٹیلیٹی اسٹورکو آٹا، چینی، دالیں، کوکنگ آئل، گھی، بیسن، سمیت دیگر اشیاء پر سبسڈی دی مگر یہ اشیائے یوٹیلٹی اسٹورز سے ہیں۔ شہری کڑی دھوپ میں لائنوں میں کھڑے ہونے کے باوجود یوٹیلٹی اسٹورز سے خالی ہاتھ لوٹنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔

معاملے پرموقف جاننے کیلئے وزیر اعظم کے معاون خصوصی علی نواز اعوان کے پرسنل سیکرٹری بلال سے متعدد بار رابطہ کیا مگر انہوں نے بھی معاملے پر جواب دینے سے گریز کیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال رمضان المبارک کے موقعے پر اسلام آباد میں موبائل یوٹیلٹی اسٹورز کی ایک افتتاحی تقریب کے موقع پر وفاقی وزیر اسد عمر نے کراچی میں موبائل یوٹیلٹی اسٹورز کھولنے کااعلان کیا تھا مگر ایک سال کے بعد بھی کراچی کے لوگوں کو سروس فراہم نہیں کی جاسکی ہے۔