اشیاء کی قیمتیں کنٹرول کرنا سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے، حافظ نعیم

430
جانوروں میں بیماری کے حوالے سے این سی او سی کا اجلاس طلب کیا جائے، حافظ نعیم

کراچی:  امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک میں اشیاء کی قیمتوں کو کنٹرول کرنا سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے۔

حافظ نعیم الرحمن  نے رمضان المبارک کے شروع ہوتے ہی اشیائے خردونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کا فرض ہے کہ وہ شہریوں کو اس اچانک مہنگائی سے نجات دلوائے۔

امیر کراچی نے  فروخت کنندگان کی من مانی قیمتیں وصول کرنے پر کہا کہ ایک طرف اشیاء خردونوش کی قیمتوں میں اچانک اضافے سے شہری پریشان ہیں تودوسری طرف یوٹیلیٹی اسٹورز پر وفاقی حکومت کا رمضان پیکیج بھی عملاً کہیں نظر نہیں آرہا۔

حافظ نعیم الرحمن نے  متعلقہ حکومتی اداروں، پرائس کنٹرول کمیٹیوں اور کمشنر و ڈپٹی کمشنر کی جانب سے قیمتوں میں اضافے کی روک تھام کرنے میں مکمل ناکامی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ  یوٹیلیٹی اسٹورز سے چینی اور آٹے جیسی انتہائی ضروری اشیاء تک غائب ہو گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ  حکومت کے تمام دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں،2کلو چینی کے لیے بھی رمضان المبارک میں شہریوں کو لمبی لمبی قطاریں لگانے کے باوجود چینی نہیں مل رہی۔

حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ  بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عوام کی زندگی ہی اجیرن بنارکھی ہے اور اس ماہ مقدس میں ذخیرہ اندوزوں اور گراں فروشوں نے عوام کی مشکلات و پریشانیوں میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔