حکومت نے تحریک لبیک پاکستان کو کالعدم قرار دے دیا، نوٹیفیکیشن جاری

428

اسلام آباد: حکومت پاکستان نے تحریک لبیک پاکستان(ٹی ایل پی)کو کالعدم قرار دے دیا ہے اور وزارت داخلہ نے پر پابندی کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔

وزارت داخلہ سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی حکومت کے پاس یہ ماننے کے لیے مناسب ثبوت موجود ہیں کہ تحریک لبیک پاکستان دہشت گردی میں ملوث ہے اور انہوں نے ایسے کام انجام دیے جس سے ملک کے امن اور سیکیورٹی کو خطرات لاحق ہو گئے۔

انہوں نے عوام کو اشتعال دلاتے ملک میں انارکی کی صورتحال پیدا کی جس کے نتیجے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو نقصان پہنچا اور ان کی موت واقع ہوئی۔اعلامیے کے مطابق مشتعل افراد نے معصوم عوام کو بھی نقصان پہنچایا، بڑے پیمانے پر رکاوٹیں کھڑی کیں، دھمکی آمیز رویہ اپنایا اور نفرت کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ گاڑیوں سمیت سرکاری اور عوامی املاک کو نقصان پہنچایا۔

وزارت داخلہ کے مطابق مشتعل افراد نے ہسپتال کو ضروری اشیا کی ترسیل بھی روک دی اور عوام اور حکومت کو دھمکیاں دیں جس سے معاشرے میں خوف و ہراس اور عدم استحکام کی فضا پیدا ہو گئی۔انہوں نے کہا کہ ان سرگرمیوں کے نتیجے میں حکومت پاکستان اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کی دفعہ 11 بی(1) کے تحت تحریک لبیک کو کالعدم تنظیموں کی فہرست میں شامل کررہی ہے۔