فرانس کی اپنے شہریوں کو پاکستان چھوڑنے کی ہدایت

332

پاکستان میں فرانسیسی سفارت خانے نے فرانس کیخلاف جاری تحریک لبیک کے متشدد مظاہروں کے بعد ملک میں موجود تمام فرانسیسی شہریوں اور کمپنیوں کو عارضی طور پر ملک چھوڑنے کا کہہ دیا۔

سفارتخانے نے فرانسیسی شہریوں کو ای میل میں کہا ، ” پاکستان میں فرانسیسی مفادات کو لاحق سنگین خطرات کی وجہ سے ، فرانسیسی شہریوں اور فرانسیسی کمپنیوں کو عارضی طور پر ملک چھوڑنے کا کہا جارہا ہے۔”

“روانگی کمرشل ایئر لائنز کے ذریعہ انجام دی جائے گی۔”

واضح رہے کہ یہ اقدام پاکستانی وزارت داخلہ کی جانب سے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کو کالعدم قرار دینے کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے۔

تحریک لبیک حکومت سے مطالبہ کررہی تھی کہ گذشتہ سال چارلی ہیڈو کی جانب سے گستاخانہ خاکوں کی دوبارہ اشاعت کی وجہ سے پاکستانی حکومت فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کرے اور فرانسیسی مصنوعات کے بائیکاٹ کی توثیق کرے۔

فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کی حکومت چارلی ہیبڈو کے کارٹونوں کو دوبارہ شائع کرنے کے حق میں حمایت کا اعلان بھی کرچکی ہے جس سے دنیا بھر میں مسلمان فرانس کیخلاف سراپا احتجاج بن چکے ہیں۔