بائیڈن انتظامیہ امارات کو اسلحہ فروخت کرنے پر آمادہ

326

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا کی بائیڈن انتظامیہ بھی متحدہ عرب امارات کو اسلحہ فروخت کرنے پر تیار ہوگئی ہے۔ بائیڈن انتظامیہ نے امریکی کانگریس کو اسلحہ کی مجوزہ فروخت سے متعلق آگاہ کر دیا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ بائیڈن انتظامیہ متحدہ عرب امارات کو اسلحہ کی فروخت کے ساتھ آگے بڑھے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکا متحدہ عرب امارات کو 23 ارب ڈالر کا اسلحہ فروخت کر رہا ہے، جس میں جدید ترین لڑاکا طیارے ایف 35، مسلح ڈرون اور دیگر سامان شامل ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بائیڈن انتظامیہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ ہونے والے دفاعی معاہدوں کو پورا کرنے کے لیے اقدامات کررہی ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ معاہدے کی تفصیلات پر نظر ثانی کی جارہی ہے اور ان ہتھیاروں کے استعمال کے حوالے سے اماراتی حکام سے مشاورت بھی جاری ہے۔ امریکا میں ڈیموکریٹک پارٹی کے صدر جو بائیڈن نے کرسی صدارت سنبھالنے کے بعد ریپبلکن پارٹی کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کیے جانے والے معاہدوں کو نظر ثانی کے لیے روک دیا تھا۔ ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے متحدہ عرب امارات کی جانب سے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد اسے ہتھیاروں کی فروخت کے معاہدے کی گزشتہ سال نومبر میں توثیق کر دی تھی۔ اس سے متعلق بل دسمبر میں کانگریس میں لایا گیا تھا جسے ناکام بنا دیا گیا تھا۔