اظہر اور فواد نے ٹریننگ کیمپ میں پریکٹس میچ کو مفید قرار دیدیا

235

لاہور(جسارت نیوز)زمبابوے کے خلاف 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے پاکستان ٹیسٹ اسکواڈ کے11ارکان ٹریننگ کیمپ میں شریک ہیں، ان کے ساتھ 6 اضافی کھلاڑیوں کو بھی کیمپ میں بلایا گیا ہے جو بھرپور ٹریننگ میں مصروف ہیں۔پاکستان ٹیسٹ اسکواڈ 21اپریل کو زمبابوے کے لیے روانہ ہو گا جہاں قومی کھلاڑی ٹیسٹ اسکواڈ کے دیگر ارکان کو جوائن کریں گے۔ٹریننگ کیمپ میں نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کے کوچز کی نگرانی میں2 روز کی ٹریننگ کے بعد کھلاڑیوں نے قذافی اسٹیڈیم میں 2روز میچ سیناریو میں پریکٹس کی۔سابق کپتان پاکستان کرکٹ ٹیم اظہر علی اور مڈل آرڈر بیٹسمین فواد عالم نے ٹریننگ کیمپ میں میچ سیناریو میں پریکٹس کو مفید قرار دیا ہے۔اظہر علی کا کہنا ہے کہ دورہ زمبابوے کی تیاری کے لیے ریڈ بال کیمپ کا انعقاد فائدہ مند ثابت ہو رہا ہے، روانگی سے قبل تربیتی کیمپ میں میچ سیناریو کے اعتبار سے پریکٹس خوش آئند ہے، کیمپ میں شامل تمام بلے باز اپنی مہارت اور بولرز ورک لوڈ پر کام کر رہے ہیں۔فواد عالم کا کہنا تھا کہ تربیتی کیمپ کے انعقاد سے زمبابوے روانگی سے قبل سیریز کی تیاری کا اچھا موقع مل گیا، نیٹ سیشنز اور پریکٹس میچز سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔مڈل آرڈر بلے باز کا کہنا تھا کہ بڑے ناموں پر مشتمل اسٹاف سے سیکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔