ویکسی نیشن درآمد ، تقسیم کی اجازت کو اجناس نہیں سمجھنا چاہیے ، اسماعیل ستار

337

 

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایمپلائرز فیڈریشن آف پاکستان ( ای ایف پی) کے صدراور معروف صنعتکار اسماعیل ستار نے کورونا کے وبائی مرض سے بچاؤ کے لیے عام لوگوں کی ویکسی نیشن کے لیے عمدہ انتظامات کرنے پر حکومت پاکستان، وزارت صحت اور نیشنل کمانڈ آپریشن سنٹر سمیت صوبائی حکام کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعی قابل قدر اور بے مثال ہے کہ ایکسپو سینٹرز، اسٹیڈیمز، سول اسپتال، یونیورسٹیوں کے ڈپارٹمنٹس، آرٹس کونسلز اور ریلوے ڈسپنسریوں کو ویکسی نیشن کے لیے وقف کیا گیا ہے جس سے عوام کی زندگیاں بچانے کو اولین ترجیح دینے سے حکومت کا حقیقی عزم ظاہر ہوتا ہے۔اسماعیل ستار نے ایک بیان میںکہاکہ ہر گزرتے دن کے ساتھ پاکستان یومیہ اموات کی تعداد کا اپنا سابقہ ریکارڈ توڑ رہا ہے لہٰذا بزنس کمیونٹی کو یہ احساس کرنا چاہیے کہ جب بھی ویکسین کی نجی طور پر درآمد اور تقسیم کی اجازت دی جاتی ہے تو اس ویکسین کو بطور اجناس نہیں سمجھنا چاہیے۔ انہوں نیامید ظاہر کی کہ روسی وزیر خارجہ کا حالیہ دورے کے بھی مثبت نتائج برآمد ہوں گے اور لوگوں کو زیادہ سے زیادہ تعداد میں ویکسی نیشن کی سہولت میسر آسکے گی۔ انہوں نے ریاست ہائے متحدہ امریکا اور کینیڈا جیسے ترقی یافتہ ممالک کے اختیارکیے گئے طریقہ کار کے مطابق تمام شہریوں کے فرسٹ کلاس ٹریٹمنٹ پر ایمپلائرز فیڈریشن آف پاکستان کی طرف سے حکومت پاکستان کو مبارکباد پیش کی۔