پاکستان اسٹاک:انڈیکس میں262.65پوائنٹس کا اضافہ

120

 

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مسلسل دوسرے روز بدھ کو بھی تیزی کا رجحان برقرار رہا اور کے ایس ای100انڈیکس مزید262.65پوائنٹس کے اضافے سے 45311.22پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا جب کہ 57.63فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیاجس کے نتیجے میں مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت36ارب55کروڑ61لاکھ روپے بڑھ گئی تاہم حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم منگل کی نسبت 27.78فیصد کم رہا۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں بدھ کو ٹریڈنگ کا آغاز مثبت زون میں ہوا جس کے سبب ابتدائی اوقات میں تیزی رہی اور کے ایس ای100انڈیکس 45347 پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیا بعدازاں 35پوائنٹس گرگئے لیکن مجموعی طور پر تیزی کا رجحان کاروبار کے اختتام تک جاری رہا اور کے ایس ای100 انڈیکس 262.65پوائنٹس کے اضافے سے 45311.22 پوائنٹس کی سطح پربند ہواجب کہ کے ایس ای30 انڈیکس 107.94 پوائنٹس کے اضافے سے 18544.38پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس141.71پوائنٹس کے اضافے سے 30707.76پوائنٹس کی سطح پرپہنچ گیا۔ گزشتہ روز مجموعی طور پر 380کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا جن میں 219کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ 137میں کمی اور 24 میں استحکام رہا۔تیزی کے باعث مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت 78 کھرب 85 ارب 74 کروڑ 5 لاکھ روپے سے بڑھ کر79 کھرب 22 ارب 29 کروڑ66 لاکھ روپے ہوگئی ۔