رمضان بازاروں میں سستی چینی کی فراہمی میں انتظامیہ ناکام

274

 

فیصل آباد (کامرس ڈیسک) فیصل آباد میں ماہ مقدس کے دوران شہریوں کو ریلیف کے لیے لگائے گئے رمضان بازاروں میں چینی کی فراہمی یقینی بنانے میں ضلعی انتظامیہ ناکام ہو گئی۔ چینی کی عدم دستیابی پر شہری حکام کو کوسنے لگے۔اوپن مارکیٹوں کے بعد سستے رمضان بازاروں میں بھی ضلعی انتظامیہ سستی چینی کی فراہمی میں ناکامی کا شکار بن گئی۔ متعدد رمضان بازاروں میں 65 روپے فی کلو گرام چینی کے فلیکسز اور بینرز تو آویزاں کر دیے گئے لیکن چینی کی فراہمی کو یقینی بنانا شائد انتظامیہ کے ایجنڈے میں شامل نہیں، خریداری کے لیے آنے والے شہری چینی نہ ملنے پر حکام پر برستے دکھائی دیتے ہیں۔سستے رمضان بازاروں میں چینی غائب ہونے پر شہری پریشان جبکہ اسسٹنٹ کمشنر سٹی چینی کی دستیابی کا دعوی کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ چینی سمیت تمام اشیائے خورونوش فراہم کی جا رہی ہیں۔شہری کہتے ہیں کہ حکام کھوکھلے دعوے کرنے کی بجائے رمضان بازاروں سمیت اوپن مارکیٹوں میں بھی سستی چینی کی فراہمی کو یقینی بنائیں تا کہ انہیں ریلیف میسر آسکے۔