بابر اعظم نے ون ڈے رینکنگ سے کوہلی کی بادشاہت کا خاتمہ کردیا

236

 

کراچی(سید وزیر علی قادری)قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ویرات کوہلی کی 5سال سے قائم آئی سی سی رینکنگ میں بادشاہت کو ختم کر دیا اور خود دنیا کے نمبر ون بلے باز بن گئے، بابر اعظم ٹیسٹ کرکٹر محمد یوسف ، ظہیر عباس اور جاوید میانداد کے بعد نمبر ون بننے والے چوتھے پاکستانی ہیں، بھارتی کپتان 2017سے ون ڈے بیٹنگ میں نمبر ون پوزیشن پر قابض تھے۔اوپنر فخر زمان بھی جنوبی افریقا کے خلاف 3 میچوں میں 302رنزبناکر ون ڈے رینکنگ میں7ویں نمبر پر آگئے جبکے نوجوان شاہین شاہ آفریدی بھی کیرئیر بیسٹ11ویں پوزیشن پر براجمان ہیں۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)نے نئی ون ڈے رینکنگ جاری کردی، اس مرتبہ پاکستان ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بلے باز بابراعظم کو دنیائے کرکٹ کے بہترین بلے بازوں کی فہرست میں پہلی پوزیشن پر رکھا گیا ہے۔پاکستانی کپتان بابر اعظم سابق پاکستانی ٹیسٹ کرکٹر ظہیر عباس ، جاوید میانداد اور محمد یوسف کے بعد نمبر ون بننے والے چوتھے پاکستانی ہیں، جب کہ بابر اعظم نے نمبر ون بلے باز بن کر بھارتی کپتان ویرات کوہلی کی5 سال سے قائم بادشاہت کاخاتمہ کیا ہے، بھارتی کپتان 2017 سے ون ڈے بیٹنگ میں نمبر ون پوزیشن پر قابض تھے۔آئی سی سی رینکنگ میں بابر اعظم 865 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر آگئے، بھارتی کپتان ویرات کوہلی 857 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر دھکیل دیئے گئے اور انہی کے ہم وطن روہت شرما تیسری، نیوزی لینڈ کے روز ٹیلر چوتھی، آسٹریلیا کے ایرون فنچ5ویں، انگلینڈ کے جونی بیراسٹو چھٹی، پاکستان کے فخر زمان7ویں ، جنوبی افریقا کے فاف ڈوپلیسی8ویں، آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر9ویں اور ویسٹ انڈیز کے شائی ہوپ10ویں نمبر پر ہیں۔اس کے علاوہ اوپنر فخر زمان نے جنوبی افریقا کے خلاف3 میچوں میں 302 رنزبناکر نہ صرف مین آف دی سیریزکا اعزاز حاصل کیا بلکہ وہ آئی سی سی ون ڈے انٹرنیشنل پلیئرز رینکنگ میں بھی پہلے 10 بہترین بلے بازوں میں شامل ہوگئے ۔ سیریز میں 8، 193 اور 101 رنز بنانے کی بدولت وہ عالمی درجہ بندی میں 19ویںسے 7ویں پوزیشن پر پہنچ گئے۔دوسری طرف قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے بھی ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنی بہترین پوزیشن حاصل کرلی ۔ جنوبی افریقا کے خلاف سیریز کے آخری ون ڈے میچ میں 3 وکٹیں حاصل کرنے والے نوجوان فاسٹ بولر نے تازہ ترین عالمی رینکنگ میں 11ویں پوزیشن حاصل کرلی۔قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ نمبر ون بلے باز بننے کے بعد اگلا ہدف اس درجہ بندی کو برقرار رکھنا ہوگا،ٹی ٹونٹی کی عالمی پلیئرز رینکنگ میں بھی نمبر ون بن چکا ،مگر اصل ہدف ٹیسٹ کرکٹ کا نمبر ون بیٹسمین بننا ہے،ظہیر عباس، جاوید میانداد اور محمد یوسف جیسے مایہ ناز کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہونے پر بہت فخر ہے۔بابراعظم کا کہنا ہے کہ وہ اس مقام کے حصول کے لیے سخت محنت کا سلسلہ جاری رکھیں گے اور کوشش ہوگی کہ عمدہ کارکردگی کا تسلسل برقرار رہے۔انہوں نے کہا کہ وہ فی الحال ان لمحات سے لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں کیونکہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت سنبھالنے کے 18 ماہ بعدپاکستان ایشیاء￿ کا وہ واحد ملک بن گیا ہے کہ جس نے جنوبی افریقہ کو اس کی اپنی سرزمین پر دوسری مرتبہ ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں شکست دی ہے۔وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدارنے آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر قومی کپتان بابراعظم کو مبارکباددی ہے اورکہا ہے کہ آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں بابر اعظم کا سرفہرست آنا پوری قوم کے لئے اعزاز ہے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ بابر اعظم نے اپنے قدرتی ٹیلنٹ سے عالمی کرکٹ میں اپنا مقام بنایا ہے- انہوںنے بابر اعظم کیلئے نیک تمناں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں بابر اعظم کی کامیابیوں کے لئے دعا گو ہوں۔