جھڈو ،گراں فروشوں کی من مانیاں عروج پر پہنچ گئی

211

جھڈو(نمائندہ جسارت) رمضان المبارک کے آغاز کے ساتھ ہی گراں فروشوں کی من مانیاں عروج پرپہنچ گئی ہیں،پھلوں کی قیمتوں پر پر لگ گئے،پھلوں کی قیمتوں میں اضافے کا سن کر روزہ داروں کے اوسان خطا،زیادہ تر پھل دگنی قیمت پرفروخت پر شہریوں کا اظہار تشویش،انتظامیہ غائب۔ تفصیلات کے مطابق ماہ صیام شروع ہوتے ہیں اشیا خورونوش کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ ہوگیاہے بالخصوص پھل عوامی قوت خرید سے باہر ہوگئے ہیں۔ جھڈو کی مارکیٹ میں سیب 400 روپے کلو کیلا 160روپے،چیکو 200 روپے کلو ، لیموں 480 روپے، کینو 180 روپے ، خربوزہ 80 روپے ،امرود 160روپے فی کلو تربوز 50روپے کلو میں فروخت کیے جاتے رہے اور روزہ دار قیمتوں میں کمی پر اصرار کرتے ہیں مگر گراں فروشوں نے شہریوں کی ایک نہ سنی اور من مانی قیمتوں پر پھلوں اور دیگر اشیا کی فروخت جاری رکھی روزہ داروں اور پھل فروشوں میں قیمتوں میں اضافہ پر بحث و تکرار ہوتی رہی جبکہ اکثر روزہ داروں نے مہنگے دام کے پھلوں کو خریدنے سے گریز کیااور کچھ روزہ دار تو پھلوں کی قیمتوں کا سن کرہی واپس لوٹ گئے۔ شہریوں نے پھلوں کی من مانی فروخت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ سے گراں فروشی کا نوٹس لینے اور قیمتوں میں کمی کا مطالبہ کیاہے۔