میرپورخاص ،منافع خوروں کی چاندی اشیا خوردونوش میں من مانے اضافے

228

میرپورخاص(نمائندہ جسارت) آمد رمضان کے ساتھ ہی زخیرہ اندوزوں اور منافع خور دکانداروں اور تاجروں نے سبزیوں ،فروٹ ، گوشت کے نرخوں میں 15 سے 20فیصد اضافہ ، مہنگائی کے دور میںعوام قیمتوں کا سن کر پریشان ، جبکہ انتظامیہ قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں ناکام۔ تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے آتے ہی ذخیرہ اندوزں اور منافع خور تاجروں اور دکانداروں نے اضافی آمدنی حاصل کرنے کے لیے اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کر کے غریب عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں جبکہ انتظامیہ اشیائے خورونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہے، رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں سبزیوں ، فروٹ کے نرخوں میں 15سے 20فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے جبکہ بڑے کا گوشت ، بکرے کا گوشت ، مرغی کا گوشت ، مچھلی ،دودھ سے بنی ہوئی اشیا کی قیمتوں میں دس فیصد تک اضافہ کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے پرائز کنٹرول کمیٹی اور ضلعی انتظامیہ مقررہ کر دہ قیمتوں پر عملدر آمد کرا نے میں ناکام ہے جبکہ مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے جاری کر دہ اشیائے خورونوش کی قیمتوں کی فہرست بھی دکاندار اور ٹھیلے والے نمائیاں مقام پر آویزاں کرنے کے بجائے چھپا کر رکھتے ہیں اور اپنی چیزوں کو ایک نمبر اور دو نمبر کا بتا کر من مانی قیمتیں وصول کر رہے ہیں اشیائے خورونوش کی قیمتوں مین من مانے اضافے کے باعث غریب روزے دار لوگوں کی قوت خرید سے باہر ہو گئی ہیں اور زائد منافع خور تاجروں اور دکانداروں کی من مانیوں کے باعث غریب عوام اس ماہ مقدس میں اللہ تعالی کی نعمتوں سے محروم ہیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ زائد منافع خور تاجروں اور دکانداروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے اور اور اشیائے خور ونوش کی فروخت مقررہ قیمتوں پریقینی بنائی جائے۔