لاڑکانہ ،چانڈکا اسپتال کے آپریشن تھیٹرز خستہ حال اہم مشینری ناکارہ

247

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) چانڈکا اسپتال کے آپریشن تھیٹرز خستہ حال، اہم سرجیکل آلات کی فراہمی گزشتہ 6 ماہ سے بند، آپریشنز کیلیے درکار بنیادی مشینری ناکارہ ہونے کا بھی انکشاف ہوا ہے جبکہ آپریشن تھیٹرز کے ائر کنڈیشنرز، آپریشنل لائٹس، ناکارہ جبکہ گندگی کے ڈھیر معمول ہیں، اسپتال انتظامیہ کی نااہلی کے باعث ڈاکٹرز غیر محتاط طریقے سے آپریشنز کرنے پر مجبور، سیکڑوں مریضوں میں مہلک بیماریاں پھیلنے کا بھی خدشہ ہے، چانڈکا ٹیچنگ اسپتال کے آپریشن تھیٹر سمیت دیگر آپریشن تھیٹرز میں آٹو کلیو مشینز ناکارہ ہیں، آٹو کلیو مشین مریض کے آپریشن سے قبل سرجیکل ایکوپمنٹ کو اسٹرلائز کرنے میں کام آتی ہے۔ اس حوالے سے ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ سرجیکل ایکوپمنٹ کو اسٹرلائز نہ کیا جائے تو مریض کو مہلک انفیکشنز اور بیماریاں لگ جاتی ہیں۔ دوسری جانب جنرل سرجری آپریشن تھیٹرز کو گزشتہ 6 ماہ سے لیپرو اسکوپک سیزرز فراہم نہیں کیے گئے، لیپرو اسکوپک سیزرز آپریشن کے دوران مریض کا پتہ کاٹنے کے کام آتے ہیں، پائلز کے مریضوں کی تشخیص کیلیے ڈسپوزایبل پروکٹو اسکوپ استعمال ہوتا ہے، سرجیکل او پی ڈیز میں ایک ہی پروکٹو اسکوپ تمام پائلز کے مریضوں کی تشخیص کیلیے استعمال کیا جانے لگا ہے، ایک ہی آلات ایک سے زائد مریضوں پر استعمال کرنے سے مہلک امراض پھیلتے ہیں، اسپتال انتظامیہ کی نااہلی کے باعث ڈیوٹی ڈاکٹرز غیر محفوظ اور غیر محتاط آپریشنز کرنے پر مجبور ہیں، سرجری کے بعد کئی مریضوں میں انفیکشنز کی شکایات آ رہی ہیں، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ لاڑکانہ ساری صورتحال سے بخوبی واقف ہیں جبکہ دنیا میں کہیں بھی ایسے ماحول میں اوپن سرجری مریض کی جان کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے۔