“پی ٹی آئی حکومت نے بحرانوں کو کم کرنے کی بجائے اضافہ کیا”

257

لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہناہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے بحرانوں کو کم کرنے کی بجائے اضافہ کیا، تین سال گزر گئے اگر کسی ایک شعبہ میں بھی بہتری ہوئی تو حکومت اسے سامنے لائے۔

سراج الحق نے کہا کہ کارٹلائز یشن میں ملوث افراد ہمیشہ حکومتوں کا حصہ رہے ہیں، پی ٹی آئی نے تبدیلی کا نعرہ لگایا مگر کارٹلائزیشن کو نہ روک سکی، حکومت کا کسی مسئلے پر نوٹس کا مطلب اس کا سواستیاناس کرنا ہے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ حکومتی گاڑی کو اسی طرح ریورس گیئر لگا رہا تو ملک خدانخواستہ کھائی میں جا گرے گا، عوام مشکل ترین دور سے گزر رہے ہیں،وزیراعظم اور ان کی ٹیم غیر سنجیدہ ہے،پنجاب میں بیڈ گورننس عروج پر ہے۔

سراج الحق نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب سے متعلق ڈرامائی فیصلے کیے گئے، پسماندہ علاقوں میں حالات اندازوں سے بھی بدتر ہیں، ملک میں لاکھوں لوگوں کو پینے کا صاف پانی تک میسر نہیں۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ  حکومت سے مطالبہ کرتا ہوں کہ کم از کم رمضان المبارک کے مہینے میں اضلاع اور تحصیل لیول پر بہتر مینجمنٹ کے ذریعے لوگوں کو اشیائے خورونوش کی کم قیمت پر فراہمی یقینی بنائے۔