کراچی: اسٹاک ایکسچینج میں رمضان کے آغاز پر تیزی کا رجحان

344

کراچی: پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں ماہ رمضان المبارک کا آغازکاروبارحصص کیلئے مبارک ثابت ہوا اور بدھ کو شیئرز کے کاروبار میں تیزی رہی اور کے ایس ای 100 انڈیکس 262.65 پوائنٹس اضافے سے 45311.22 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔

تفصیلات کے مطابق  اسٹاک ایکسچینج میں آج سرگرم کمپنیوں  کی جانب سے منافع بخش شیئرز کی خریداری  سے ایک موقع پر مارکیٹ میں 300 پوائنٹس تک کی تیزی رونما ہوئی جبکہ سرمایہ کاروں کی دلچسپی کے باعث کے ایس ای 100 انڈیکس 45300 کی نفسیاتی حد کو بحال کرتے ہوئے 262.65 پوائنٹس  اضافے سے 45311.22 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا اور مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت 36ارب55کروڑ روپے بڑھ گئی تاہم حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم منگل کی نسبت کم رہا۔

بدھ کوکاروبارکا آغاز مثبت زون میں ہوا اور تیزی کا یہ سلسلہ اختتام تک جاری رہا جبکہ ایک موقع پر کے ایس ای100انڈیکس تقریباً300پوائنتس کی تیزی سے 45347پوائنٹس کی بلند سطح  پربھی پہنچا  تاہم کاروبار میں تیزی کا سلسلہ  کاروبار کے اختتام تک جاری رہا ۔

کے ایس ای30انڈیکس 107.94پوائنٹس کی تیزی سے 18544.38پوائنٹس، کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس141.71 پوائنٹس کے اضافے سے 30707.76 پوائنٹس اورکے ایم آئی 30 انڈیکس469.01 پوائنٹس بڑھ کر74342.87 کی سطح پرپہنچ گیا ۔

خیال رہے گزشتہ روز مجموعی طور پر 380کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا جن میں 219 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ 137میں کمی اور 24 میں استحکام رہا اور  بدھ کو مجموعی طور پر 34 کروڑ 18 لاکھ 89 ہزار 381 شیئرز کا کاروبار ہوا جبکہ گزشتہ روز منگل کو 47 کروڑ  34 لاکھ 33 ہزار 751 حصص کے سودے ہوئے تھے۔

تیزی کے باعث مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 36 ارب 55 کروڑ 60 لاکھ 52 ہزار 604 روپے بڑھ کر 79 کھرب 22 ارب 29 کروڑ 66 لاکھ 12 ہزار 782  روپے ہوگیا۔

گزشتہ روز نمایاں کاروباری سرگرمیوں کے لحاظ سے  ایف نیٹ ایکویٹیز کے 4 کروڑ 31 لاکھ 9 ہزار 500 شیئرز کے سودے ہوئے جبکہ میڈیا ٹائمز لمٰتیڈ کے 2 کروڑ 2 لاکھ 7 ہزار 500 شیئرز، غنی گلوہول کے ایک کروڑ 94 لاکھ 79 ہزار 500 شیئرز، ٹی آرجی پاکستان کے ایک کروڑ 93 لاکھ 71 ہزار 123 شیئرز، ورلڈ کال ٹیلی کام کے ایک کروڑ 67 لاکھ 61 ہزار شیئرز، ہم نیٹ ورک کے ایک کروڑ 54 لاکھ 78 ہزار500شیئرز، پی ٹی سی ایل کے ایک کروڑ 35 لاکھ51 ہزار500 شیئرز کے سودوں کے ساتھ سرفہرست رہے۔

قیمتوں کے اتارچڑھاؤ کے لحاظ سے سفائر فائبرکے حصص کے دام47.99روپے کے اضافے سے 879.99 روپے اور اے کے ڈی کیپٹل کے بھاؤ32.97 روپے کے اضافے سے 475.12 روپے ہوگئے جبکہ نیسلے پاکستان کے شیئرز کی قیمت 40روپے کی کمی سے 5810 روپے اور گیٹرن انڈسٹریزکے حصص کی قیمت 36.42 روپے کی کمی سے 476 روپے رہ گئی۔