رمضان شروع ہوتے ہی منافع خور سرگرم

517

کراچی: ماہ رمضان کے پہلے روز ہی منافع خور مافیاز سرگرم ہوگئے اورماہ رمضان المبارک میں استعمال ہونے والی اشیاء کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کردیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق  ناجائز منافع خوروں نے یکم رمضان کو ہی پھلوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کردیا اور شہری انتظامیہ  ان کے خلاف کوئی کاروائی نہ کرسکی ۔

رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی 80 روپے درجن میں فروخت ہونے والا کیلا  150روپے درجن ہوگیا جبکہ 30سے40روپے کلو فروخت ہونے والا خربوزہ50سے 60روپے کلوپر پہنچا دیا گیا اسی طرح گرما کی قیمت بھی بڑھا دی گئی ہے۔

کینو 250 روپے درجن، چیکو 150 روپے کلو،ہرا سیب 150 روپے کلو،گولڈن سیب 200 تا 250 روپے کلو اور امرود 100 روپے کلو میں فروخت ہورہا ہے۔

شہر میں فی کلو برائلر مرغی 280تا295روپے کلو جبکہ مرغی کا ایک کلو گوشت 480 تا 490روپے کلو میں فروخت کیا جارہا ہے ،گائے کا فی کلو گوشت 700 تا 850 روپے کلو جبکہ بکرے کا گوشت 1300روپے تا 1400 روپے کلو میں فروخت کیا جارہا ہے۔

شہریوں نے کمشنر کراچی اور دیگر متعلقہ ادارو ں سے مطالبہ کیا ہے کہ ناجائز منافع خوروں کے خلاف فوری کریک ڈان کیا جائے اور رمضان میں عوام کو لوٹنے والی مافیا کا کڑا احتساب کیا جائے ۔