بابر اعظم اور محمد رضوان نے عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا

590

 (سید وزیر علی قادری)جنوبی افریقاکے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں کامیابی کے ساتھ ہی بابر اعظم اور محمد رضوان نے عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

سنچورین میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے میچ میں جنوبی افریقا نے پاکستان کے خلاف 200 رنز کا ہندسہ عبور کیا، ٹی ٹوئنٹی کی تاریخ پاکستان کے خلاف یہ دوسری مرتبہ 200 رنز کا اسکور تھا۔

شاہینوں کے سامنے جنوبی افریقی کنڈیشنز میں 200 رنز کا ہندسہ تھا لیکن بابر اعظم اور محمد رضوان نے جم کر مقابلہ کیا اور یہ  مجموعہ عبور کرلیا، دونوں نے مل کر 197 رنز کی پارٹنرشپ بنائی جو پاکستان کی جانب سے کسی بھی وکٹ پر سب سے بڑی پارٹنر شپ ہے۔

اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے بڑی پارٹنر شپ کا ریکارڈ احمد شہزاد اور محمد حفیظ کے پاس تھا جنھوں نے زمبابوے کے خلاف اگست 2013 میں 143 رنز کی ناقابلِ شکست پارٹنر شپ بنائی تھی۔

یہی نہیں بلکہ کپتان اور وکٹ کیپر کی یہ پارٹنر شپ دوسری اننگز عالمی ریکارڈ پارٹنر شپ بھی ہے، اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی میچ کی دوسری اننگز کی سب سے بڑی پارٹنر شپ کا ریکارڈ نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل اور کین ولیمسن کے پاس تھا، جنہوں نے پاکستان کے خلاف دوسری اننگز میں 171 رنز کی ناقابلِ شکست پارٹنرشپ بنائی تھی۔

اس فہرست میں جوز بٹلر اور ڈیوڈ ملان تیسرے نمبر پر ہیں، انھوں نے بھی جنوبی افریقا کے خلاف 167 رنز کی ناقابلِ شکست پارٹنرشپ بنائی۔