پاکستانی ایھلیٹ ارشد ندیم نے نیزہ بازی میں سونے کا تمغہ جیت لیا

366

اسلام آبا د /کرچی (نمائندہ جسارت /اسٹاف رپورٹر)قومی اتھلیٹ ارشد ندیم ایران کے شہر مشہد میں کھیلے گئے امام رضا اتھلیٹکس کپ کے جیولن تھرو کے ایونٹ میں سونے کا تمغہ جیتنے کے بعد گزشتہ روز ایران سے ترکی روانہ ہوگئے ہیں۔ گزشتہ روز ترکی روانگی سے قبل سرکاری خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے ارشد ندیم نے کہا کہ ترکی میں میرا قیام تین ہفتے کا ہوگا اور وہاں پر قازقستان کے کوچ سے اولمپک گیمز کی تیاری کے سلسلہ میں تربیت حاصل کروں گا اور میرے ہمراہ پنجاب اتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری سلمان بٹ بھی ہونگے۔ ایک سوال کے جواب میں ارشد ندیم نے کہا کہ میں نے امام رضا اتھلیٹکس کپ میں جیولن تھرو کے ایونٹ میں 86.38میٹر تھرو کرکے گولڈ میڈل اپنے نام کرتے ہوئے اپنا سائوتھ ایشین اور نیشنل ریکارڈ بھی بہتر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کی دعائیں میرے ساتھ ہیں اور انشا اللہ اولمپک گیمز میں ضرور شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میڈل حاصل کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر میجرجنرل ر محمد اکرم ساہی مجھے اولمپک گیمز کی تیاری کے سلسلہ میں ہرممکن سہولیات فراہم کر رہے ہیں اور جس پر میں ان کا اور ان کی ٹیم کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا اور ڈائریکٹر جنرل پاکستان اسپورٹس بورڈ کے کرنل محمد آصف زمان نے ارشد ندیم کو امام رضا اتھلیٹکس کپ میں سونے کا تمغہ جیتنے پر مبارکباد دی ہے، انہوں نے امیدظاہر کی ہے کہ ارشد ندیم اوالمپک گیمز میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک و قوم کے لیے میڈل جیت کرلائیں گے۔ ارشد ندیم کی کامیابی پر پوری قوم اورا سپورٹس کمیونٹی کو مبارک باد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ 29 سال بعد پاکستان اولمپکس مقابلوں میں میڈل حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائے گا اور پاکستا ن سپو رٹس بو ر ڈ اس کی تربیتی سرگرمیاں بھر پور طریقہ سے سر انجام دے رہا ہے۔ وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ ارشد ندیم کو حکومت کی طرف سے ہر ممکن مدد فراہم کی جائیگی تا کہ وہ ملک کا نام مزید روشن کر سکے۔پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر میجر جنرل رمحمد اکرم ساہی نے کہا ہے کہ ارشد ندیم نے امام رضا اتھلیٹکس کپ میں سونے کا تمغہ جیت کر ثابت کر دیا کہ ملک میں اتھلیٹکس کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں ، انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ارشد ندیم کو غیر ملکی کوچز سے تربیت دلائی جائے جس کے لئے ہم نے اس کو ترکی میں تربیت کے لئے بھیج دیا ہے اور وہ وہاں پر قازقستان کے کوچ سے جیولن تھرو کی ٹریننگ حاصل کرے گا ان کے ہمراہ پنجاب اتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری سلمان بٹ بھی موجود ہیں جو ان کی رہنمائی کریں گے۔پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے صدر مدثر آرائیں اور سیکرٹری جنرل سید گوہر رضا نے ارشد ندیم کو امام رضا اتھلیٹکس کپ میں سونے کا تمغہ جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ ٹوکیو اولمپک گیمز میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک و قوم کا نام روشن کریں گے۔