ٹنڈومحمد خان،بہرانی محلے کی ڈرینج لائن شہریوں کیلئے عذاب بن گئی

184

ٹنڈومحمدخان (نمائندہ جسارت) بہرانی محلہ کی ڈرینیج لائن شہریوں کیلیے عذاب بن گئی ، مسجد اقصیٰ قریب کے قریب ٹوٹ جانے والی ڈرینیج لائن پر تاہال کام شروع نہ ہوسکا ، محکمہ پبلک ہیلتھ اور میونسپل کمیٹی نے متاثرہ لائن کو بحال کرنے کے بجائے عارضی طور پر مشین لگا کر گندا پانی نکالنا شروع کردیا ، علاقے میں وبائی امراض پھوٹنے لگے ، قریبی عمارتوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ، دکانداروں کا احتجاج۔ تفصیلات کے مطابق ٹنڈومحمدخان کے علاقے بہرانی محلہ کی ڈرینیج لائن ایک ماہ گذر جانے کے باوجود بحال نہ ہوسکی ، جس کے باعث علاقے میں گندا پانی جمع ہونا روز کا معمول بن گیا ، مسجد اقصیٰ کے قریبی دکانداروں نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے صحافیوں کو بتایا کہ مذکورہ لائن ایک ماہ قبل خراب ہوئی جسے تاحال بحال کرنے کیلیے عملی اقدامات شروع نہیں کیے جاسکے ہیں، محکمہ پبلک ہیلتھ اور میونسپل کمیٹی کی ناقص پالیسی کے باعث علاقے میں وبائی امراض پھوٹنے لگے ہیں ، جبکہ قریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے ، گزشتہ ایک ماہ سے مشین لگا کر گندا پانی ایک مین ہول سے دوسرے مین ہول میں ڈالا جارہا ہے ، جس کے باعث علاقے میں بدبو پھیل رہی ہے ، علاقہ مکین اور دکانداروں کو اپنے روز مرہ معاملات چلانا مشکل ہوتے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلاک ہونے والی ڈرینیج لائن کو بنانے کیلیے اب تک کسی قسم کا عملی کام شروع نہیں کیا گیا ہے ، جبکہ دوسری جانب ملاکاتیار بس اسٹاپ اور ڈرینیج لائن پر لگائی جانے والی مشین کے باعث تین بتی چوک سے مسجد اقصیٰ تک ٹریفک جام ہونا روز کا معمول بن گیا ہے ، جس کے باعث شہریوں کو سخت دشواری کا سامنا ہے ، رمضان المبار ک کے بابرکت مہینے کی آمد کے باوجود پبلک ہیلتھ انتظامیہ اور میونسپل انتظامیہ ڈرینیج لائن کو تعمیر نہیں کر رہی ہے ، روزانہ کی بنیاد پرمشین چلائی جارہی ہے ، جس سے قومی خزانے کو روزانہ کی بنیاد پر نقصان پہنچایا جارہا ہے اور ڈیزل کی مد میں ہزاروں روپے کے جعلی بل بنائے جارہے ہیں۔ مظاہرین نے ایم این اے سید نوید قمر ، ایم پی اے سید اعجاز شاہ بخاری ، ڈپٹی کمشنر یاسر بھٹی ، چیف میونسپل آفیسر جاوید جتوئی سے مطالبہ کیا ہے کہ بہرانی محلہ کی بلاک ہونے والی ڈرینیج لائن کو جلد از جلد تعمیر کیا جائے۔