سندھ میں کتے کے کاٹنے کے واقعات پر ہائیکورٹ کا اظہار تشویش

203

کراچی(نمائندہ جسارت)سندھ ہائی کورٹ نے سگ گزیدگی اور ویکسین کی عدم فراہمی سے متعلق درخواست کی سماعت پر ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی سمیت کراچی کی ضلعی انتظامیہ اور تمام کنٹونمنٹ بورڈ انتظامیہ کو طلب کرلیا۔صوبے میں کتوں کے کاٹنے کے کیس اور ویکسین کے متعلق درخواست کی سماعت سندھ ہائی کورٹ میں ہوئی۔عدالت نے سگ گزیدگی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر اظہار برہمی کیا، جسٹس امجد سہتو کا کہنا تھا کہ کسی بچے کو کتے نے کاٹا اور پوری زندگی اپاہج ہوگیا، کسی کی کتے نے آنکھ نکال دی، پتہ نہیں کیا ہو رہا ہے۔جسٹس محمد علی مظہر نے کہا بتائیں کیا کرنا چاہیے یا پھر آرڈر کریں اور ہم بھی سب کو بلائیں اگر معاملہ بڑھا گیا تو خوف و ہراس پیدا ہوگا۔عدالت کے استفسار پر وکلا کا کہنا تھا کہ فوری حل کتا مار مہم ہے لیکن سپریم کورٹ نے منع کر رکھا ہے۔عدالت نے ایڈمنسٹریٹرکے ایم سی سمیت کراچی کے اضلاعی اور تمام کنٹونمنٹ بورڈ انتظامیہ کو طلب کر لیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت 6 مئی تک پیش رفت رپورٹ اور سگ گزیدگی کے واقعات کنٹرول کرنے سے متعلق تجاویز پیش کرنے کی ہدایت کردی۔