حیدرآباد :پولیس کے ٹی ایل پی رہنماؤں و کارکنوں کے گھروں پر چھاپے

124
حیدرآباد: ٹی ایل پی کے کارکنان حیدر چوک پر احتجاج کے دوران نعروں کا جواب دے رہے ہیں

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) تحریک لبیک کی جانب سے دوسرے روز بھی دھرنا جاری رہا، مظاہرین کو منتشر کرنے کیلیے حیدرآباد پولیس نے اپنی تیاریاں مکمل کرتے ہوئے پہلے مرحلے میں تحریک لبیک کے عہدیداروں سمیت کارکنان کے گھروں پر چھاپے مارنے کا سلسلہ شروع کردیا۔ تفصیلات کے مطابق حیدر چوک پر پیر سے جاری دھرنے کے باعث شہر بھر میں ٹریفک نظام مفلوج ہوکر رہ گیاجبکہ پولیس نے حیدرچوک جانے والے راستے کو باڑ لگا کر بند کردیا۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے دھرنے ختم کرانے کے لیے پہلے مرحلے میں تحریک لبیک کے رہنماؤں وکارکنان کے گھروں پر چھاپے مارنے کا سلسلہ شروع کردیا ہے جبکہ رہنماؤ ںوکارکنان دھرنے میں موجود ہیں۔ذرائع کے مطابق سی آئی اےحیدرآباد کی سربراہی میں مختلف تھانوں کی ٹیموں نے لیاقت کالونی،طاہر آباد،ہیرآباد سمیت شہر کے دیگر علاقوں میں تحریک لبیک کے ضلعی امیر قاری محمد آصف،محمد راحیل صدیقی،محمد ریاض سمیت دیگر عہدیداروںوکارکنان کے گھروں پر چھاپے مارے مگر کوئی گرفتاری عمل میں نہ آسکی۔ باوثوق ذرائع کے مطابق کارکنان کے گھروں پر چھاپے کا سلسلہ دھرنے میں بیٹھے مظاہرین پر دبائو ڈالنے کیلیے شروع کیا گیا ہے اگر دھرنا ختم نہیں ہوا تو پولیس پلان ٹواپناتے ہوئے مظاہرین کو دھرنے سے ہٹائیگی۔