مردم شماری کے نتائج تسلیم کرنا ملک دشمنی کے مترادف ہے ،مصطفی کمال

200

کراچی(آن لائن)پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے مشترکہ مفادات کونسل کی جانب سے 2017 کی متنازع مردم شماری کو تسلیم کرنے کے حکومتی فیصلے کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے فیصلے کو کراچی دشمنی، ملک دشمنی اور عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف قرار دے دیا۔ غلط مردم شْماری کو تسلیم کرلینا ناقابل معافی ہے کیونکہ یہی غلط مردم شماری نئی مردم شْماری کی بنیاد ہوگی لحاظہ اس غلط مردم شْماری کو درست تسلیم کرنے کے بعد جتنی بھی مردم شماری کرالی جائے کراچی کی گنتی درست نہیں ہوسکتی۔ یہ جاننے کے باوجود کہ نادرا سے جاری شدہ کراچی کے مستقل پتوں کے شناختی کارڈ ڈھائی کروڑ سے زائد ہیں، ووٹر لسٹوں میں عوام کی تعداد زیادہ جبکہ مردم شماری میں کم ہے، کراچی سے منتخب تمام سیاسی جماعتوں نے زاتی مفادات، اقتدار اور وزارتوں کی خاطر کراچی کی پیٹھ میں ناصرف چھرا گھونپ دیا بلکہ عوامی محرومیوں کا فائدہ اٹھانے والے ملک دشمن عناصر کو ایک نئی زندگی دے دی ہے۔ کراچی کی 3 کروڑ عوام نے اپنے دشمنوں کو پہچان لیا ہے۔ ہر گزرتا دن ثابت کرتا ہے کہ کراچی کو چوروں نے نہیں بلکہ اسکے چوکیداروں نے لوٹا ہے۔ پاک سر زمین پارٹی کراچی کے ایک فرد کو بھی تنہا نہیں چھوڑے گی اور عوام کا مقدمہ ہر فورم پر لڑے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے این اے 249 میں بلدیہ میں کاروباری شخصیات کی کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔