نئی مردم شماری کے نام پر عوام کو دھوکا دیا جارہا ہے، حافظ نعیم

408
جانوروں میں بیماری کے حوالے سے این سی او سی کا اجلاس طلب کیا جائے، حافظ نعیم

کراچی: امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ  2017کی مردم شماری کی منظوری سے کراچی کی آبادی کو آدھا تسلیم کیا گیا ہے،نئی مردم شماری کے نام پر کراچی کے عوام کو لولی پاپ اوردھوکا دیا جارہا ہے۔

حافظ نعیم الرحمن  نے مشترکہ مفادات کونسل میں وفاقی حکومت کی جانب سے 2017کی مردم شماری کی منظوری اور نئی مردم شماری کے اعلان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ تحریک انصاف اور ایم کیو ایم نے کراچی کی مردم شماری کے حوالے سے پہلے وفاقی کابینہ اور اب CCIمیں منظوری دے کر کراچی کے عوام کے ساتھ غداری کی ہے۔

امیر کراچی کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کراچی کے عوام کو دھوکا دے رہی ہے، CCIمیں وزیر اعلیٰ سندھ کے اختلافی نوٹ کا ہم خیر مقدم کرتے ہیں،وفاقی حکومت کو یہ فیصلہ اتفاق رائے سے کرنا چاہیے تھا تاکہ تمام صوبوں اور وفاق کے درمیان اعتماد کی فضاپیدا ہوتی۔

حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہاکہ  وفاقی حکومت نے یک طرفہ طور پر اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر یہ فیصلہ کروالیا،کراچی کے عوام باشعور ہیں،اپنی آبادی کو آدھا گنے جانے کے فیصلے کو قبول نہیں کریں گے۔

امیر کراچی کا کہنا تھا کہ حقوق کراچی تحریک کا پہلا مطالبہ درست مردم شماری ہے،جماعت اسلامی عوام کے جائز اور قانونی حق اور مسائل کے حل کی جدوجہد جاری رکھے گی،جعلی مردم شماری کو منظور کرنے سے اصل قرار نہیں دیا جاسکتا،اس حوالے سے پہلے ہی جماعت اسلامی کی سپریم کورٹ آف پاکستان میں پٹیشن موجود ہے جس پر مزید بات کی جائے گی۔