جمعیت سیاسی کارکنوں کی تربیت کا ادارہ ہے ،اسامہ رضی

278
کراچی: نائب امیر جماعت اسلامی کراچی اسامہ رضی ادارہ نورحق میں اسلامی جمعیت طلبہ سے گزشتہ دو سیشن میں فارغ ہونے والے ارکان جمعیت کے اعزاز میں دیے جانے والے استقبالیہ سے خطاب کررہے ہیں ، ڈاکٹر واسع شاکر، منعم ظفر خان ، انجینئر عبدالعزیز بھی موجود ہیں

کراچی(نمائندہ جسارت)نائب امیر جماعت اسلامی کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی نے کہا ہے کہ جمعیت سیاسی کارکنوں کی تربیت و تیاری کا واحد ادارہ ہے ،جمعیت جس نصب العین کا تعین کرتی ہے ،جماعت اسلامی اس کی تکمیل کرتی ہے ،اسلامی انقلاب کی جدوجہد زندگی کانصب العین ہے ، جمعیت اس عہد میں اللہ کی سب سے بڑی نعمت ہے ،جمعیت سے فراغت حاصل کرنے کے بعد جماعت اسلامی میں فوری شمولیت کے بجائے تاخیر کرنے سے مروجہ نظام فرد کو اسی طرح اچک لیتا ہے جس طرح ریوڑ سے علیحدہ ہونے والی بکری کو بھیڑیا اچک لیتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نورحق میں اسلامی جمعیت طلبہ سے گزشتہ 2 سیشنز میں فارغ ہونے والے ارکان جمعیت کے اعزاز میں دیے جانے والے استقبالیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ استقبالیے سے نائب امیرجماعت اسلامی کراچی ڈاکٹر واسع شاکر اورسیکرٹری کراچی منعم ظفر خان نے بھی خطاب کیا ۔ تقریب میں جمعیت سے فارغ ہونے والے ارکان سمیت تمام اضلاع سے احباب جمعیت کے کوآرڈینیٹرز نے بھی شرکت کی ۔ اس موقع پر نائب امیر کراچی راجا عارف سلطان ، ڈپٹی سیکرٹریز کراچی یونس بارائی ، عبد الرزاق خان ، انجینئر عبد العزیز بھی موجود تھے ۔استقبالیے سے ارکان احباب نے بھی خطاب کیا۔ڈاکٹر اسامہ رضی نے کہاکہ جمعیت سے فراغت کے بعد معاش اور شادی زندگی کو بہت زیادہ متاثر کرتے ہیں اس لیے ضروری ہے کہ اس حوالے سے کیے جانے والے فیصلے بھی نظریاتی ہونے چاہیے ۔ڈاکٹر واسع شاکر نے کہاکہ جمعیت کے دور میں حاصل ہونے والی تربیت زندگی بھر کارگر رہتی ہے ،جمعیت تحریک اسلامی کا ایک اہم جز ہے اور اس ہی ذریعے سے تحریک میں نئی افرادی قوت کا اضافہ ہوتا ہے ۔شرکا نے کہاکہ جماعت اسلامی کی رکنیت حاصل کرنا اب پہلے کے مقابلے میں اس لیے زیادہ آسان ہے کیونکہ جماعت اسلامی میں جمعیت کی بڑی تعداد موجود ہے جس سے جنریشن گیپ کا مسئلہ ختم ہوگیا ہے ، اس کے ساتھ ہی جماعت اسلامی یوتھ کا پلیٹ فارم بھی نوجوانوں کو جماعت اسلامی سے وابستہ کرنے کا ایک بڑا ذریعہ ہے ۔