ڈگری،آٹا چکی مالکان کا بجلی کے کنکشن منقطع کرنے کیخلاف احتجاج

210

ڈگری (نمائندہ جسارت) حیسکو کی جانب سے شہر کی 14 آٹا چکیوں کے بجلی کے کنکشن منقطع کردیے گئے۔ آٹاچکی مالکان کی جانب سے حیسکو افسران کی زیادتیوں کیخلاف احتجاجاً آج سے آٹا چکیاں بند رکھنے کا اعلان کردیا۔ ڈگری فلور ملز ایسوسی ایشن کے عہدیداران اور آٹا چکی مالکان کی جانب سے ایکسیئن اور حیسکو عملے پر الزام عائد کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ افسران ہمیں بلاجواز تنگ کررہے ہیں۔ ایک طرف لاک ڈائون کی وجہ سے کاروبار شدید متاثر ہے تو دوسری طرف حیسکو ڈگری کے اہلکار چکی مالکان کی جانب سے چکیوں کے الگ ٹرانسفارمر نہ لگوانے کا جواز بنا کر کنکشن منقطع کردیے ہیں جبکہ چکی مالکان ایک عرصہ سے اپنی چکیاں چلا رہے ہیں اور واپڈا کا بل بھی ہر ماہ باقاعدگی سے ادا کررہے ہیں۔ اس کے باجود ہمیں پریشان کیا جارہا ہے۔ آٹا چکی مالکان کا کہنا تھا کہ اگر ہماری چکیوں کی بجلی بحال نہ کی گئی تو آج سے شہر بھر کی تمام چکیاں احتجاجاً بند کردیں گے جس سے شہر میں آٹے کا بحران پیدا ہوگا، جس کے ذمے دار حیسکو ڈگری کے افسران ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ چکیاں بند رکھنے کے احتجاج کا دائرہ ایک ہفتے پر محیط ہوسکتا ہے۔