لاڑکانہ ،صائمہ جروار کے قاتلوں کی عدم گرفتاری پر احتجاج

255

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) لاڑکانہ میں تین سال قبل اغوا اور مبینہ جنسی زیادتی کی کوشش کے بعد قتل ہونے والے 9 سالہ بچی صائمہ جروار کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کیخلاف جناح باغ چوک پر احتجاجی مظاہرہ کرکے دھرنا دیا گیا جس میں لاڑکانہ سے منتخب جی ڈی اے کے رکن سندھ اسمبلی معظم علی عباسی، مقتولہ بچی کے والد نسیم جروار، عبدالجبار ببر، عرفان جروار، سرائی اظہر علی بھٹی، علی حسن ڈاہانی اور امتیاز علی عباسی سمیت مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے رکن سندھ اسمبلی معظم علی عباسی کا کہنا تھا کہ قصور میں بچی زینب کے ساتھ جو واقعہ پیش آیا اس کیس کے تمام ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا گیا لیکن صائمہ جروار کا مقدمہ تین سالوں سے چلنے کے باوجود نامزد دو ملزمان کو بری کردیا گیا جنہوں نے اپنے جرم کا بھی اعتراف کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ صائمہ جروار کے ورثا کو انصاف فراہم کرنا حکومت کی ذمے داری ہے اگر ورثا کو انصاف نہ ملا تو ہم ہائی کورٹ میں نظرثانی پٹیشن دائر کرکے ہر صورت میں بچی کے ورثا کو انصاف فراہم کریں گے کیونکہ اگر صائمہ جروار کے قاتلوں کو سزا نہ ملی تو کل کسی کے بھی بچے محفوظ نہیں ہوں گے۔