یورپ میں منظم جرائم کی شرح ہوش ربا حد تک بڑھ گئی

99

بڈاپسٹ (انٹرنیشنل ڈیسک) یورپی پولیس کے ادارے یورو پول نے خطے میں منظم جرائم کی شرح میں ہوش ربا اضافے کا انکشاف کردیا۔ منظم جرائم سے متعلق تجزیاتی رپورٹ ہنگری کے دارالحکومت میں عام کی گئی۔ رپورٹ میں تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ گروہوں نے کورونا وبا کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مختلف یورپی ممالک میں اپنے قدم جما لیے ہیں۔ یورو پول نے واضح کیا کہ یورپی یونین میں منظم جرائم سے جتنا خطرہ آج ہے پہلے کبھی نہیں تھا۔ جرائم پیشہ گروہ یورپ میں اقتصادی مشکلات اور سماجی پریشانیوں کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ یہ حالات مجرموں کو اپنی سرگرمیاں بڑھانے میں مددگار ثابت ہو رہے ہیں اور وہ کھلے عام شہریوں، کاروبار اور عوامی شعبوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ گروہ یورپی ممالک کی اقتصادیات کو کمزور کرکے سرکاری اداروں پر قبضہ کرنے کی کوشش میں ہیں۔ یورو پول کے مطابق 70 فیصد منظم جرائم پیشہ نیٹ ورک 3یورپی ریاستوں میں اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق 40فیصد گروہ منشیات کے دھندے میں ملوث ہیں۔ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی حامل کئی تنظیموں کے ان کے ساتھ گہرے روابط ہیں۔ ان تنظیموں نے کاروباری ادارے کھولے ہوئے ہیں۔ 80فیصد جرائم پیشہ گروہ قانونی طور پر صحیح کاروبار کرتے ہیں۔ ان کے علاوہ 60فیصد گینگ اپنے کاروبار کو وسعت دینے کے لیے بدعنوانی کا سہارا لے رہے ہیں۔