فرانس میں مساجد کے اندر افطار اور تراویح پر پابندی

226

پیرس (انٹرنیشنل ڈیسک) فرانس میں مساجدکے اندر افطار اور تراویح پر پابندی عائد کردی گئی۔ خبررساں اداروں کے مطابق کورونا وائرس کے باعث ملک بھر میں نافذ کرفیو کے تناظر میں رات 7بجے مساجد کو بھی تالا ڈالنے کا حکم دیا گیا ہے،جس کے باعث مساجد میں افطار اور مغرب، عشا، فجر اور تراویح کی نمازیں نہیں ہوں گی۔ دوسری جانب سعودی عرب اور کئی دیگر مسلم ممالک نے کورونا وبا کے پیش نظر رمضان کے دوران عبادات اور افطار وغیرہ کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں۔ متحدہ عرب امارات نے غریب اور ضرورت مند افراد کو افطار ان کے گھروں تک پہنچانے کے لیے انتظامات کی ہدایت کی ہے۔ عمان میں رمضان کے دوران رات 9 بجے سے صبح 7بجے تک لوگوں کے گھروں سے باہر نکلنے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ مراکش میں بھی رات 8بجے سے صبح 6بجے تک کرفیو میں توسیع کر دی گئی ہے، جب کہ ترکی نے اختتام ہفتہ تک کرفیو کو محدود کر دیا ہے۔ عراق میں بھی جزوی کرفیو نافذ ہے۔ کئی ممالک میں پابندیوں کی وجہ سے بیشتر افراد اپنے رشتہ داروں اور عزیزوں کے ساتھ مل کر افطار اور سحری نہیں کرسکیں گے۔ اسی طرح ہوٹلوں اور ریستورانوں میں بھی رات کے کھانے اور سحری کے لیے دعوتیں نہیںہوں گی۔ ادھر پابندیوں کے باعث آن لائن خریدار ی میں اضافہ ہو گیا ہے۔