پہلے آپ تو اپنا کام کریں

325

چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹآف جنرل ندیم رضا نے کاکول میں پاسنگ آئوٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے دنیا سے کہا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کا نوٹس لے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو پاکستان کی امن کوششوں کا بھی اعتراف کرنا چاہیے۔ بھارت گزشتہ بیس پچیس سال کے دوران مقبوضہ کشمیر میں ایک لاکھ سے زائد کشمیریوں کو شہید کر چکا ہے۔ بھارت کے فوجی بارہ ہزار سے زیادہ کشمیری خواتین کی عصمت دری کرچکے ہیں‘ ہزاروں کشمیری لاپتا ہیں اور ہزاروں جیلوں میں پڑے سڑ رہے ہیں یہاں تک کہ بھارت نے پیلٹ گنوں کے ذریعے سیکڑوں کشمیریوں کو نابینا کر دیا ہے۔ اس نے اس سلسلے میں خواتین اور بچوں کے ساتھ بھی کوئی رعایت نہیں کی۔ بدقسمتی سے پاکستان کے حکمران کشمیر‘ کشمیر تو بہت کرتے ہیں مگر انہوں نے کشمیریوں کو بھارت کے ظلم سے نجات دلانے کے لیے عملاً کچھ نہیں کیا۔ جنرل ندیم رضا نے بجا طور پر دنیا سے کہا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے مگر جنرل صاحب اس سلسلے میں دنیا کو لیکچر دینے سے پہلے یہ بھی تو بتائیں کہ خود پاکستان کے حکمران طبقے نے اس ضمن میں کیا کیا ہے؟ عمران خان خود کو ’’کشمیریوں کا سفیر‘‘ کہتے ہیں اور انہوں نے مودی کو ہٹلر سے بھی تشبیہ دی تھی مگر امریکا اور بعض عرب ریاستوں کے ایما پر اچانک وہ یہ بھول گئے کہ مودی ہٹلر ہے اور اس نے غاصبانہ اقدام کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کو بھارت کا حصہ بنا دیا ہے۔ بلاشبہ کشمیری اپنے اوپر ہونے والے ظلم کے حوالے سے پوری دنیا کی طرف دیکھتے ہیں مگر ان کی اصل امید پاکستان سے وابستہ ہے۔