فیصل واوڈا نے الیکشن کے بعد حلقے کا رخ نہیں کیا،مفتاح اسماعیل

107

کراچی(اسٹاف رپورٹر)حلقہ این اے 249سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ حکومتی امیدوار کس منہ سے حلقے کے ووٹرز سے ووٹ مانگ رہے ہیں۔ فیصل واوڈا نے الیکشن کے بعد حلقے کا رخ ہی نہیں کیا۔ علاقے میں گندگی کے ڈھیر ،پینے کے پانی کی شدید قلت ہے جبکہ سڑکیں کھنڈر بن گئیں اور علاقے سے بجلی غائب ہے ۔کامیابی کے بعد حلقے میں پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کا وعدہ کرتا ہوں ۔مسلم لیگ کی فتح سے پی ٹی آئی حکومت کی واپسی کی گنتی شروع ہوجائے گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر سابق گورنر سندھ محمد زبیر اور مسلم لیگ (ن)سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ نے بھی خطاب کیا ۔مفتاح اسماعیل نے کہا کہ حکومت نے پونے 3سالوں میں کمر توڑ مہنگائی ،ریکارڈ غربت اور بے روزگاری کے سوا عوام کو کچھ نہیں دیا ہے ۔29اپریل کو عوام سلیکٹڈ کو ریجیکٹڈ میں تبدیل کردیںگے ۔ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ کامیابی حاصل کرنے کے بعد سب سے پہلے بلدیہ کے علاقے کے پانی کے مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور فراہمی و نکاسی آب کے لیے پورے علاقے میں ازسرنو پائپ لائنز ڈالی جائیں گی۔ صاف پانی میں گندے پانی کی ملاوٹ سے طرح طرح کی بیماریاں پیدا ہو رہی ہیں۔ اب صاف پانی کی فراہمی کا ایسا منصوبہ لگایا جائیگا جس سے یہ مسئلہ ہمیشہ کے لیے حل ہو جائے گا۔ انہوں نے لوگوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ 29 اپریل کو اپنے ساتھ خواتین اور بزرگوں کو پولنگ اسٹیشن ضرور لانا ہوگا اور شیر کے نشان پر مہر لگا کر میاں محمد نواز شریف کے نمائندے کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرانا ہوگا۔