رمضان کی برکتوں سے مستفید ہوا جائے، عبدالجمیل خان

157

کراچی(اسٹاف رپورٹر) رمضان کی مبارک ساعتوں، برکتوں، رحمتوں اور برکات کو زیادہ سے زیادہ سمیٹا جائے اور رمضان میں قیام وسجود کا زیادہ سے زیادہ اہتمام کیا جائے۔یہ بات جماعت اسلامی ضلع کورنگی کے امیر عبدالجمیل خان نے جماعت اسلامی علاقہ کورنگی شرقی حلقہ اسلم مجاہدشہید کے تحت آئی ایریا میں استقبال رمضان کے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ عبدالجمیل خان نے کہا کہ رمضان کا بابرکت مہینہ سایہ فگن ہوا چاہتا ہے۔ اللہ تعالیٰ اس مہینے میں شیاطین کو قید کر دیتے ہیں اور ایک نیکی کا اجربڑھ کر دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کبھی بھی اپنے بندوں کے ساتھ کبھی جبر نہیں کرتا ، وہ بڑا رحیم اور کریم ہے اور وہ بڑے سے بڑا گناہ معاف کر دینے والا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ رمضان کا مہینہ بندے کو رب سے قریب کر دیتا ہے۔ روزہ اللہ کے لیے ہے اور اللہ ہی اس کا بہتر اجر دینے والا ہے۔ روزے سے انسان میں تقویٰ کی صفات پیدا ہوتی ہیں اور رب کو تقویٰ بہت پسند ہے۔