خودکشی کیس‘تینوں ملزمان 2روزہ جسمانی ریمانڈپرپولیس کے حوالے

175

کراچی (اسٹاف رپورٹر) خاتون کا بلیک میلنگ سے تنگ آکر خودکشی کرنے کے کیس میں اہم پیشرفت ، عدالت نے تینوں ملزمان کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔ پولیس نے تین مفرور ملزمان کو گرفتار کر کے مقامی عدالت میں پیش کیا، پولیس کی جانب سے پیش کیے۔ مفرور ملزمان میں شاہد، اسد اور ارتضیٰ شامل ہیں، عدالت نے تینوں ملزمان کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا، جبکہ پہلے سے گرفتار تین ملزمان فرحان،وقاص اور عامر کے جسمانی ریمانڈ میں دو روز کی توسیع کی، تفتیشی افسر نے پیشرفت رپورٹ بھی عدالت میں پیش کی جس میں اس کا کہنا ہے کہ مقدمے میں نامزد تمام ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، ملزمان سے حاصل کی گئی وڈیو فارنزک کیلیے بھیج دی ہے، قبر کشائی کیلیے کوشش کر رہے ہیں، عدالتی اجازت کے بعد کچھ کریں گے، ملزمان سے مزید تفتیش کرنی ہے ایک ہفتہ کا ریمانڈ دیا جائے، ملزم وقاص کے وکیل کا کہنا تھا کہ کیس میں کوئی گواہ ہی نہیں، مدعی بھی متوفیہ کا بھائی ہے، عدالت کا کہنا تھا کہ کیس میں زیادتی کی دفعات ہیں، پولیس کو رپورٹ پیش کرنے دیں بعد میں دیکھا جائے گا، ملزمان کے خلاف تھانہ شاہراہ نورجہاں میں مقدمہ درج ہے، متوفیہ نے اپنی دوست کو ملزمان کے حوالے سے آڈیو میسج کے ذریعے آگاہ کیا تھا۔