معاشی استحکام کیلیے بیرونی مداخلت کوختم کرناہوگا‘ثروت اعجاز

68

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ ملک کو معاشی استحکام کی طرف لے جانا ہے تو بیرونی مداخلت کو مسترد کرنا ہوگا، رمضان المبارک میں کاروبار کھولنے اور بند کرنے کا فارمولا حکومت تاجروں کی مشاورت سے حل کرے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت پر ڈسٹرکٹ کنوینرز ، ڈسٹرکٹ کمیٹی و سیکٹر کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،انہوںنے کہاکہ قانون کی بالادستی ہوگی تو جرائم ختم ہونگے، قانون کی بالادستی کیلیے حکومت کو سخت اقدامات کرنا ہونگے ۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ فرانس میں تعلیمی اداروں میں نماز پر پابندی لگانے کی شدید مذمت کرتے ہیں ، فرانس اسلام دشمنی میں اتنا اندھا ہوگیا ہے کہ اقلیتوں کے حقوق غصب اور مسلمانوں پر زمین تنگ کر رہا ہے ، فرانسیسی سینیٹ نے اسلام علیحدگی بل میں ترمیم کر کے یونیورسٹیز میں نماز پر پابندی لگا کر اسلام دشمن فیصلے کیے ہیں ،انہوں کا کہنا تھا کہ فرانسیسی حکومت کے عالمی ادارے اور اقوام متحدہ کو فوری نوٹس لیکر فرانس کو اسلام دشمن عمل سے روکے ۔