کورونا سے مزید 58 ہلاک سندھ میں صورتحال بہتر

147

کراچی/ اسلام آباد/ لاہور (اسٹاف رپورٹر/ نمائندہ جسارت/ مانیٹرنگ ڈیسک/ خبر ایجنسیاں) ملک میں کورونا سے مزید 58 مریض ہلاک ہوئے جبکہ سندھ میں صورتحال بہتر رہی یہاں کوئی ہلاکت نہیں ہوئی‘ پنجاب کے اسپتالوں میں 4 شعبوں کی اوپی ڈیز بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے‘ میڈیکل کالجز اور نرسنگ اسکولز بند کر دیے گئے‘ 35 اساتذہ کورونا سے متاثر ہوئے‘ اسلام آبادہائی کورٹ میں معمول کے مقدمات 16مئی تک موخر کردیے گئے‘ مکمل لاک ڈاؤن کی تجویز مسترد کردی گئی‘ سیکرٹری پاکستان بار کونسل کورونا سے جاں بحق ہوگئے۔وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ پابندیوں پر عمل نہیں کیا جا رہا‘4200 افرادکی حالت تشو یشناک ہے۔ صدر مملکت کورونا سے صحتیاب ہوگئے‘شیخ رشید نے دوسری ڈوز لگوالی ‘ کراچی میںوینٹی لیٹر پر موجود مریضوں کو دیے جانے والے انجکشن کی مانگ میں اضافہ ہوگیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 44514 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 4584 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 58 ہلاکتیں ہوئیں۔سرکاری پورٹل کے مطابق کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 15501 ہو گئی اور مجموعی کیسز 7 لاکھ 25 ہزار 602 تک جاپہنچے ہیں جب کہ فعال کیسز کی تعداد 75266 ہے۔ 3135 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 634835 ہو گئی ہے۔ خوش قسمتی سے سندھ میںگزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا وائرس سے کسی کا انتقال نہیں ہوا ‘8642 ٹیسٹ کیے جانے پر348 نئے کیسز سامنے آئے۔ یہ بات وزیراعلیٰ سندھ نے پیر کو جاری ایک بیان میں کہی۔ محکمہ صحت پنجاب نے کورونا کے تیزی سے پھیلاؤ کے باعث لاہور سمیت7 اضلاع کے سرکاری اسپتالوں میں 4 شعبوں کی اوپی ڈیز بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سیکرٹری صحت پنجاب کے مطابق لاہور، گوجرانوالا، گجرات، سیالکوٹ، راولپنڈی، فیصل آباد اور ملتان کے اسپتالوں میں 4 شعبوں ای این ٹی، ڈرماٹالوجی، ڈینٹسٹری اور آپتھامالوجیکی اوپی ڈیز 20 اپریل تک بند رہیں گے۔ دوسری جانب پنجاب کے سرکاری اور نجی میڈیکل کالجز اور نرسنگ اسکولز 12اپریل سے 10دن کے لیے بند کردیے گئے ہیں ہیں تاہم ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے امتحانات شیڈول کے مطابق جاری رہیں گے۔ ساہیوال اور اوکاڑہ کے اسکولوں میں35 اساتذہ کا کورونا مثبت آ گیا جس کے بعد کمشنر ساہیوال نے اسکول بند کرنے کی سفارش کر دی۔ کراچی میڈیسن ہول سیل مارکیٹ حکام کا کہنا ہے کہ وینٹی لیٹر پر موجود مریضوں کو ٹوسی لیزومیب جنیرک نام سے استعمال کرائے جانے والے انجکشن کی مانگ میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جب کہ بعض ڈاکٹر یہ انجکشن وینٹی لیٹر پر موجود کورونا مریضوں کو بھی استعمال کراتے ہیں۔اس کی قیمت میں 200 فیصد سے زاید اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ کورونا ویکسین لگوانے کے بعد احتیاطی تدابیر چھوڑنا کورونا کے پھیلاؤ کا سبب بن رہا ہے۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس نے چیف جسٹس اطہر من اللہ کی ہدایت پر نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس کے مطابق معمول کے تمام کیسز مؤخر کرنے کے فیصلے میں 16 مئی تک توسیع کردی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق این سی او سی اجلاس میں پنجاب کے 9 شہروں میں مکمل لاک ڈاؤن کی تجویز دی گئی جبکہ یہ تجویز دی گئی تھی کہ 12 فیصد سے زایدکورونا کیسز والے شہروں میں مکمل لاک ڈاؤن لگایا جائے۔