رمضان میں پوری قوم اسلامی انقلاب کیلئے جدوجہد کرے،سراج الحق

575

لاہور(نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہاہے کہ رمضان کا مبارک مہینہ شروع ہو نے والا ہے ۔ رمضان قرآن کا مہینہ ہے۔ اس مہینے میں امت مسلمہ سمیت پوری انسانیت پر اللہ کی برکتوں میں لامتناہی اضافہ ہو جاتا ہے ۔ امت مسلمہ کو اس وقت جس چیز کی سب سے زیادہ ضرورت ہے ، وہ اتحاد ہے ۔ پاکستانی قوم بھی نسلی ، لسانی اور صوبائی تعصبات سے بالاتر ہو کر ملک میں اسلامی انقلاب کے لیے جدوجہد کرے۔ پاکستان کے وسائل پر قابض سرمایہ داروں اور وڈیروں نے قوم کو مختلف تعصبات پر تقسیم کر رکھاہے جس کا مقصد اشرافیہ کا اپنے اقتدار کو دوام دینا ہے ۔ منصورہ میں کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے خبردار کیا ہے کہ حکومت ایسے بحرانوں کو جنم دے رہی ہے کہ جنہیں حل کرنے میں دہائیاں لگ سکتی ہیں ۔مڈل کلاس اور غریب طبقہ زندگی کے مشکل ترین دور سے گزر رہاہے۔ مہنگائی ، بے روزگاری اور غربت تمام حدیں کراس کر گئی ہے ۔ حکومت حالات کا ادراک کرنے میں مکمل ناکام دکھائی دے رہی ہے ۔ بیڈ گورننس کی وجہ سے پہلے سے کمزور ادارے مزید تنزلی کی جانب سفر کر رہے ہیں ۔نوجوان اور پڑھے لکھے لوگ مستقبل سے ناامید ہو رہے ہیں ۔پی ٹی آئی حکومت نے گزشتہ ڈھائی برس میں کمزور معیشت کا مزید بھرکس نکالا۔ صدارتی آرڈ ی نینسز کے ذریعے ملک چلانے کی کوشش کی اور اداروں کو متنازع بنایا ۔ حکومت نوجوانوں کے حوصلے پست کر کے ہاتھ پھیلانے کی عادت ڈالنے کے بجائے کام کے مواقع پیدا کرے۔ اگر ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ پورا کیا جاتا، تو آج نوجوان لنگر خانے کی لائن میں کھڑا ہونے کے بجائے پاکستا ن کو عزت کے مقام پر کھڑا کردیتے۔ حالات میں بہتری کے لیے قوم کواجتماعی طور پر رجوع الی اللہ کرناہوگا ۔لوگ رمضان کے مبارک مہینے میں قرآن کریم کے آفاقی پیغام کو سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی کوشش کریں۔ غلامان مصطفیٰؐسے اپیل ہے کہ وہ نظام مصطفیٰؐؐکے قیام کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ۔اسٹیٹس کو تبدیل کیے بغیر چارہ نہیں ۔عوام جان چکے ہیں کہ موجودہ نظام اور اس کو چلانے والے دھوکا اور فراڈ ہیں ۔ ملک کو آگے لانے کے لیے ایماندار اور قابل افراد کی ضرورت ہے ۔ جماعت اسلامی کا ماضی اور حال گواہ ہے کہ اس نے اصولوں پر کبھی سمجھوتا نہیں کیا۔ اللہ نے موقع دیا تو پاکستان کو عظیم اسلامی فلاحی مملکت بنائیں گے ۔ سراج الحق نے کہاکہ سرمایہ دارانہ اور جاگیردارانہ نظام کے بتوں کو پاش پاش کرنے کی ضرورت ہے ۔ موجودہ حکومت نے اگرچہ بلند و بانگ دعوے کیے مگر اس کی صفوں میں بھی وہی لوگ شامل ہیں جو عرصہ دراز سے اقتدار کے ایوانوں میں موجود ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ قوم جان گئی ہے کہ وزیراعظم کے دعوے وعدے بھی کھوکھلے ہیں ۔ حکومت میں ڈلیور کرنے کی نہ تو استعداد ہے اور نہ ہی وژن ۔سراج الحق نے کہاکہ حالات میں تبدیلی اسی صورت ممکن ہے کہ جب قوم متحد ہو کر اللہ کی رسی تھامے گی ۔ نوجوانوں کو قرآن کا پیغام پھیلانے کے لیے آگے بڑھنا ہوگا ۔ انہوںنے جماعت اسلامی کے قائدین اور اراکین کو بھی ہدایات جاری کیں کہ وہ رمضان المبارک کے مہینے میں دین کی تبلیغ و اشاعت کی پہلے سے جاری سرگرمیوں میں مزید تیزی لائیں ۔ ایک عظیم الشان اسلامی انقلاب پاکستان کی منزل ہے ۔