بھارت کو مذاکرات کیلئے ماحول سازگار بنانا ہوگا،شاہ محمود قریشی

515

برلن ( آ ن لائن ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کیساتھ پرامن تعلقات کاخواہاں ہے، مذاکرات کیلیے بھارت کو سازگار ماحول فراہم کرناہوگا، جرمنی کی طرح پاکستان بھی افغانستان میں امن اورخوشحالی چاہتاہے۔ پاکستان اور جرمنی کے تعلقات میں قریبی تعاون کا ایک نیا باب کھلے گا۔جی ایس پی پلس کے حصول میں جرمنی کے تعاون کے شکرگزارہیں۔جرمنی کے دارالحکومت برلن میں جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ برلن میںیہاں موجودگی پر میں بے حد خوش ہوں کورونا کی جاری عالمی وباء کے باوجود آمد پر جس گرمجوشی سے ہمارا استقبال کیاگیا ہے، اس پر میں وزیر خارجہ ہائیکو ماس کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو جی ایس پی پلس ا سٹیٹس دلوانے میں جرمنی کی معاونت پر شکر گزار ہیں ہم سب اس وقت کورونا عالمی وبائی چیلنج کا سامنا کر رہے ہیں، میں 15 ملین ویکسین ڈوزز دیے جانے پر جرمن قیادت کا شکرگزار ہوں ،ایف اے ٹی ایف پر معاونت پاکستان کی پالیسیوں پر اعتماد کا مظہر ہے۔ پاکستان جرمنی کیساتھ تعلقات کوفروغ دینے کاخواہاں ہے، جرمنی کیساتھ نئے اقتصادی تعلقات چاہتے ہیں، پاکستان میں تجارت کیلیے بہترین مواقع موجودہیں، افغان معاملے سمیت دیگرامورپرپاکستان جرمنی کیساتھ رابطے میں رہیگا۔اس موقع پر جرمن وزیر خارجہ ہیکو ماس نے کہا کہ پاک بھارت سیزفائر اور دیگر امور پر صورتحال رفتہ رفتہ بہتر ہو رہی ہے،افغان امن سے متعلق مستقبل میں ہونیوالی کانفرنس پر بھی تبادلہ خیال کیا،ہمسایہ ہونے کے نا طے افغان امن کیلیے پاکستان کی بہت اہمیت ہے ،افغانستان میں تشدد کے خاتمے اورامن کیلیے مذاکرات جاری رہنے چاہییں۔ افغانستان میں قیام امن اور مذاکرات کیلیے پاکستان کا کردار اہمیت کا حامل ہے، خطے میں قیام امن کیلیے پاکستان نے بہت قربانیاں دیں ، پاکستان اور جرمنی نے افغانستان کا مسئلہ مذاکرات سے حل کرنے پر اتفاق کیا ہے ، پاکستان کاخطے میں استحکام کیلیے اہم کردار ہے پاکستان نے افغان مہاجرین کی مہمان نوازی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہم نے اپنی جغرافیائی سیاسی ترجیحات کو جغرافیائی معاشی ترجیحات میں بدل دیا ہے، معاشی سفارت کاری کے ذریعے دنیا کی توجہ پاکستان میں میسر معاشی سرگرمیوں اور مواقعوں سے متعارف کروا رہے ہیں، پاکستان 22 کروڑ عوام پر مشتمل ایک ابھرتی ہوئی مارکیٹ ہے جہاں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں ۔وزیر خارجہ جرمنی میں پاکستان ہاؤس” پہنچے جہاں جرمنی میں تعینات پاکستانی سفیر ڈاکٹر محمد فیصل نے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا۔ وزیر خارجہ نے ڈاکٹر محمد فیصل کی جانب سے دیے گئے عشائیے میں شرکت کی۔