پاکستانی ڈرامے ترک زبان میں ڈب ہو کر ترکی میں چلیں گے

739

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان میں مشہور ہونے والے ترکی کے ڈرامہ سیریل ’ارطغرل غازی‘ کی نئی اقساط ماہ رمضان میں نشر کی جائیں گی جبکہ اب پاکستانی ڈرامے بھی ترک زبان میں ڈب کرکے ترکی میں نشر کیے جائیں گے۔پاکستان اور ترکی دونوں ممالک ڈرامہ ’تُرک لالا‘ کی تیاری میں مصروف ہیں جس کے 3 سیزن ہوں گے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا ہے کہ ’ترکی ڈرامہ سیریل ارطغرل غازی کی نئی اقساط پاکستان ٹیلی ویژن پر ماہ رمضان میں نشر کی جائیں گی۔

سینیٹر فیصل جاوید نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا پاکستانی ڈرامے اب ترک زبان میں بھی ڈب کر کے ترکی میں نشر کیے جائیں گے تاہم انہوں نے اب تک ترکی میں ڈب ہونے والے ڈراموں کے ناموں کے بارے میں کوئی تفصیلات شیئر نہیں کی ہیں۔

اس ٹوئٹ پر صارفین نے تبصرہ کرتے ہوئے کچھ پاکستانی ڈراموں کے نام لیے ہیں جن میں ’میرے پاس تم ہو‘ ، ’پیارے افضل‘ اور ’عہد وفا‘ شامل ہیں۔ جبکہ ایک صارف نے کہا کہ ’ترکی میں پی ٹی وی کے پرانے ڈرامے نشر کیے جانے چاہئیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل گذشتہ سال سوشل میڈیا پر پاکستانی اداکار ہمایوں سعید اور عدنان صدیقی کی ایک ویڈیو گردش کر رہی تھی جس میں انہوں نے انکشاف کیا تھا کہ پاکستان اور ترکی مل کر ٹی وی سیریل ’تُرک لالا‘ تیار کریں گے۔

ہمایوں سعید اور عدنان صدیقی نے بتایا تھا کہ اس ڈرامہ کے 3 سیزن بنائے جائیں گے اور ہر سیزن میں 30 اقساط ہوں گی۔ ڈرامہ ’ترک لالا‘ کی شوٹنگ پاکستان اور ترکی سمیت دیگر ممالک میں بھی کی جاسکتی ہے۔