سورج مغرب میں نکل سکتا ہے مگر ن لیگ اور پیپلزپارٹی ایک نہیں ہوسکتے، شیخ رشید

397

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ سورج مشرق سے مغرب میں نکل سکتا ہے مگر ن لیگ اور پیپلزپارٹی ایک نہیں ہوسکتے۔

پیپلز پارٹی کی جانب سے پی ٹی ایم کے تمام عہدوں سے استعفی کے اعلان کے بعد وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے  کہا کہ پی ڈی ایم ٹوٹ چکی ہے ، پی ڈی ایم میں پیپلزپارٹی کی ن لیگ نے تذلیل کی ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کی خوش نصیبی ہے جو ایسی نالائق اپوزیشن ملی، اس اپوزیشن کو کچھ نہیں ملنا یہ صرف میڈیا میڈیا کھیلیں گے، اپوزیشن نے حکومت کو اب تک ایک دن بھی ٹف ٹائم نہیں دیا۔

بلاول کی جانب سے معافی کے مطالبے پر شیخ رشید نے کہا جس طرح پیپلزپارٹی کو شوکاز ملا اس طرح تو جاگیردار مزاروں کو بھی نہیں دیتے، شوکاز نوٹس پر معافی تو کیا انھیں کان پکڑوانے چاہئیں، ن لیگ نے ثابت کیا کہ ان میں اپوزیشن کرنے کی صلاحیت ہی نہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سورج مشرق سے مغرب میں نکل سکتا ہے مگر ن لیگ اور پیپلزپارٹی ایک نہیں ہوسکتے، سیاسی طورپر بھائی بہن بنے ہوئے تھے میراخیال ہے اب ختم ہوگئی بات، ن لیگ میں اتناشعور ہوتا تو آج اس مقام پر نہ ہوتی۔