عالمی مالیاتی ادارے ترقی پذیر ممالک کیلئے ہنگامی مالیاتی ریلیف فراہم کریں، وزیر اعظم

158

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اکنامک اینڈ سوشل فورم ترقی پذیر ممالک کیلئے فوری طور پر ہنگامی مالیاتی ریلیف فراہم کیا جائے۔

اکنامک اینڈ سوشل کونسل فورم سے افتتاحی  خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ  افتتاحی خطاب میرے لئے باعث مسرت ہے، یہ فورم ترقی پذیر ممالک کی معاشی وسماجی حالت سدھارنے کیلئے اہم کردارادا کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کی پہلی لہر کے دوران سمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی اپنائی ، اب پاکستان کورونا کی تیسری لہر کا سامنا کر رہا ہے ، ترقی پذیر ممالک کیلئے فوری طور پر ہنگامی مالیاتی ریلیف فراہم کیا جائے ، آئی ایم ایف اور عالمی بینک میں بھی ترقی پذیر ممالک کی مدد کیلئے مناسب فنڈزرکھے جاتے ہیں ، کورونا وباء کی عالمی سطح کی روک تھام کیلئے ویکسینیشن کے عمل میں ترقی پذیر ممالک کی مدد کے ساتھ ساتھ ویکسین بنانے کی ٹیکنالوجی فراہم کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ماحولیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ پہلے دس ممالک میں شامل ہے ، پاکستان نے ماحولیاتی تبدیلیوں پر قابو پانے کیلئے دس ارب درخت لگانے کا منصوبہ شروع کیا ، ماحولیاتی آلودگی کم کرنے کیلئے قابل تجدید توانائی منصوبوں پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ چیلنجز بہتر مستقبل کیلئے بہترین موقع ہیں ،کورونا وبا اور ماحولیاتی تبدیلی جیسے مسائل سے نمٹنے کیلئے مشترکہ حکمت عملی کی ضرورت ہے ۔واضح رہے کہ پاکستان اکنامک اینڈ سوشل کونسل کی صدارت کر رہا ہے، فورم کا مقصد کورونا وبا سے متاثرہ ترقی پذیر ممالک کیلئے مالی امداد ،ماحولیات اور پائیدار ترقیاتی اہداف حاصل کرنا ہے ۔