ویکسین لگوانے کے بعد بھی وائرس کا حملہ ہوسکتا ہے، قومی ادارہ صحت

407

اسلام آباد: حکومتی ادارے قومی ادارہ برائے صحت کی عوامی تجربہ گاہ کے سربراہ ڈاکٹر سلمان کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے خلاف ویکسین لگوانے کے باوجود بھی وائرس کا کم شدت کا حملہ ہوسکتا ہے جبکہ تقریبا 250 ایسے وائرس ہیں جوجانوروں سے انسانوں میں منتقل ہوسکتے ہیں۔

ڈاکٹر سلمان کے مطابق کورونِاوائرس ویکسین کی دو خوراکیں لینے کے چار ہفتے بعد جسم میں اینٹی باڈیز کی مقدار جاننے کے لیے اینٹی اسپائک پروٹین ٹیسٹ کیا جاسکتا ہے جس میں ایک اعشاریہ پانچ سے زائد مقدار آنا مثبت اور تسلی بخش نشانی ہے جبکہ ویکسین کی خوراکیں مکمل ہونے کے بعد بھی کورونا وائرس کا حملہ ہوا تو کوئی دوسری کمپنی کی ویکسین ہرگز نہیں لگائی جاسکتی اور گلوبل ویکسین سینٹر نے بھی تیسری خوراک کی تاحال اجازت نہیں دی ہے۔

قومی ادارہ صحت کے چیف پبلک ہیلتھ لیبارٹریز ڈویژن ڈاکٹر سلمان کے مطابق جسم میں اینٹی باڈیز کی مقدار عمر کے حساب سے مختلف ہے اور کورونا وائرس کا حملہ ویکسی نیشن کے بعد بھی ہوسکتا ہے اس کے امکانات سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ ویکسین کے بعد وائرس کا حملہ بہت شدید نہیں ہوگا ، ویکسی نیشن کرانے سے وبا کی شدت اور بیماریوں کے نقصانات سے محفوظ ہوا جاسکتا ہے۔

ڈاکٹر سلمان کے مطابق ویکسی نیشن مکمل ہونے کے چار ہفتے بعد کیے جانے والے ٹیسٹ میں جسم میں اینٹی باڈیز کی مقدار کٹ آف اور ایک اعشاریہ پانچ فیصد ہونا مثبت امر ہے اس سے پتا چلتا ہےکہ جسم دوبارہ اینٹی باڈیز بنا رہا ہے اور یہ ایک نارمل صحت مند انسان کے اینٹی باڈیز کی مقدار ہے۔

دوسری جانب ویکسین کی تیسری خوارک لی جاسکتی ہے یا نہیں؟ قومی ادارہ برائے صحت کے مطابق  ویکسین لگانے سے کورونا وائرس کے حملے سے جسمانی اعضاء کو پہنچنے والے نقصان سے محفوظ ہوا جاسکتا ہے۔

دوبارہ کورونا مثبت آنے کے امکانات اپنی جگہ موجود ہیں لیکن ویکسین کی تیسری خوراک لینا تاحال عالمی ادارہ صحت کی جانب سے ابھی تجویز نہیں کی گئی ہے۔

حکومت پاکستان تیسری خوراک لگانے کے حوالے سے جلد ہی اپنی پالیسی کا اعلان کرے گی جبکہ لوگوں میں اس بات کا خوف پایا جا رہا ہے کہ ویکسین کی خوراکیں مکمل ہونے کے بعد بھی اگر وائرس کا حملہ ہوا تو ویکسین کی تیسری خوراک کہاں سے لی جا سکے گی؟ کیونکہ شناختی کارڈ پر ایک دفعہ رجسٹریشن ممکن ہے۔

دوسری جانب دوا ساز کمپنی فائزر نے دعویٰ کیا ہےکہ بائیو این ٹیک کی کورونا ویکسین 12 سے 15 سال کے بچوں میں 100 فیصد مؤثر ہے جبکہ 12 سے 15 سال کے بچوں کو ویکسین لگانے کی اجازت کے لیے آئندہ ہفتوں میں فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) کو درخواست دیں گے۔