پہلا ٹی ٹوئنٹی ، پاکستان نے جنوبی افریقا کو 4 وکٹوں سے ہرا دیا

391

جوہانس برگ(جسارت نیوز) پاکستان نے جنوبی افریقا کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 4وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی بر تری حاصل کرلی۔ پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں جنوبی افریقا نے پاکستان کو جیت کے لیے 189 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں قومی ٹیم نے 6وکٹوں کے نقصان پر ہدف آخری گیند سے قبل حاصل کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان نے جنوبی افریقا کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 4وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی بر تری حاصل کرلی۔جوہانسبرگ میں کھیلے جارہے سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں جنوبی افریقا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ کے نقصان پر 188 رنز بنائے۔اس سے قبل میچ کا ٹاس جنوبی افریقا کے کپتان کلاسن نے جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ میزبان ٹیم کی جانب سے جانے من ملان اور ایڈن مارکرم نے ٹیم کو جارحانہ آغاز فراہم کیا تاہم ملان 24 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد وہان لوبے بیٹنگ کے لیے آئے لیکن صرف 4 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔مارکرم نے کپتان ہینرک کلاسن کے ساتھ ملکر پاکستانی بولرز کی خوب درگت بنائی مارکرم نے 30 اور کلاسن نے 24 گیندوں پر نصف سنچریاں اسکور کیں، وہ بالترتیب 51 اور 50 رنز پر پویلین واپس لوٹے۔ وان بلجوئن نے بھی جارحانہ کھیل پیش کیا وہ 24 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جب کہ جارج لنڈے 6 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ اینڈلے فیفلکوایا اور سساندا مگالا 9،9 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔قومی ٹیم کی جانب سے حسن علی اور محمد نواز نے 2،2 جب کہ شاہین آفریدی اور حارث رؤف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔پاکستان کی پلیئنگ الیون میں شرجیل خان کو شامل نہیں کیا گیا۔ ان جگہ ان فارم فخرزمان کو پلینگ الیون کا حصہ بنایا گیا ہے۔ پاکستان کی جانب سے وکٹ کیپر محمد رضوان 74رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ جب کہ فہیم اشرف 30رنز بناکر پویلین لوٹے۔ اسی طرح بابراعظم 14،فخر زمان 27،محمد حفیظ 13،حیدر علی 14رنز بناکر پویلین لوٹے۔ جب کہ محمد نواز صفر پر ہی آئوٹ ہوئے۔ محمد رضوان 74رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے، حسن علی نے 3گیندو ں پر 9رنز بنائے اور ناقابل شکست رہے۔ واضح رہے کہ ٹور میں پاکستان نے ایک روزہ میچز میں جنوبی افریقا کو 28 رنز سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز 1-2 سے اپنے نام کی ہے۔