جیکب آباد : نالے میں گر کر جاں بحق بچی کے ورثا کا لاش سمیت دھرنا

203

جیکب آباد (نمائندہ جسارت) گھر کے باہر کھلے نالے میں گر کر فوت بچی کے ورثاء کا قومی شاہراہ پر لاش رکھ کر دھرنا، ٹائر نذر آتش، روڈ بلاک، بلدیہ انتظامیہ اور ڈی سی کیخلاف نعرے بازی، کیس داخل کرنے کا مطالبہ۔ بلدیہ عملے کی غفلت سے معصوم بچی کی جان چلی گئی، اے ڈی سی کالونی کے رہائشی وزیر علی کورائی کی تین سالہ بیٹی طیبہ گھر کے باہر بلدیہ کی نااہلی کے باعث کھلے نالے میں گر کر فوت ہوگئی، جس پر ورثاء نے قومی شاہراہ پر شکارپور ناکہ کے قریب لاش سمیت دھرنا دے کر سڑک بند کردی اور ٹائر نذر آتش کیے، دھرنے کی وجہ سے دونوں اطراف سے ٹریفک معطل ہوگئی اور گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔ مظاہرین نے ضلعی انتظامیہ کیخلاف سخت نعریبازی کی اور غفلت کے مرتکب ذمے داران کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ بلدیہ حکام کو کھلے نالے کو بند کرنے کے لیے کئی بار شکایات کیں لیکن کوئی توجہ نہیں دی گئی اور ایک معصوم کی جان چلی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اگر ذمے داران کیخلاف کارروائی نہیں کی گئی تو دوسری معصوم جانیں ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔