جیکب آباد: باڈر فورس کے 239 اہلکار پولیس میں ضم

323

جیکب آباد (نمائندہ جسارت) آئی جی سندھ پولیس کے احکامات، جیکب آباد بارڈر فورس کے 239 اہلکار ضلع پولیس میں ضم کردیے گئے، ایس ایس پی کی جانب سے لیٹر جاری۔ آئی جی سندھ پولیس مشتاق مہر کے احکامات کے بعد جیکب آباد بارڈر فورس کے 239 اہلکاروں کو ضلع پولیس میں ضم کردیا گیا ہے جبکہ 30 کے قریب وائرلیس آپریٹرز کو ٹیلی کمیونیکیشن میں بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، دوسری جانب ضلع کشمور ایٹ کندھکوٹ کی سرحد پر تعینات بارڈر فورس کے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا جاسکا ہے ، اس سلسلے میں کچھ عرصہ قبل آئی جی پولیس کی جانب سے تشکیل کردہ کمیٹی نے پولیس افسر سید پیر محمد شاہ کی سربراہی میں جیکب آباد کی سندھ بلوچستان سے ملحقہ سرحد کا دورہ کرکے بارڈر فورس کے جوانوں سے ملاقات کی ان کے مسائل سنے اور سہولیات سمیت چوکیوں کی عمارتوں کا بھی جائزہ لیا تھاکمیٹی میں جیکب آباد اور کشمور کے ایس ایس پیز کو رکن کے طور پر شامل کیا گیا تھا اور اس کمیٹی کی سفارشات کو مدنظر رکھتے ہوئے آئی جی سندھ پولیس نے بارڈر فورس کے نوجوانوں کو ضلع پولیس میں ضم کرنے کے احکامات جاری کیے۔ واضح رہے کہ بارڈر فورس کا قیام 2006ء میں جنرل پرویز مشرف کے دورحکومت میں کیا گیا تھا کیوں کہ ڈیرہ بگٹی آپریشن کے بعد بلوچستان کے حالات خراب ہوئے تھے اور آئے روز گیس پائپ لائن اور ریلوے ٹریک سمیت قومی تنصیبات کو دہشت گردوں کی جانب سے نشانہ بنایا جارہا تھا، صورتحال کے پیش نظر بارڈر فورس قائم کرکے سرحدی پٹی پر تعینات کیا گیا تھا ، بارڈر فورس کے اہلکاروں نے ضلع پولیس میں ضم ہونے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔