دکی، کرایوں میں اضافے کیخلاف ٹرک ایسوسی ایشن کا احتجاج

287

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) بلوچستان کے ضلع دکی میں ٹرک ایسوسی ایشن نے کرایوں میں اضافے اور دیگر مطالبات کے لیے ٹرک کھڑے کرکے ہڑتال شروع کردی ہے، جس کے باعث گزشتہ روز کوئلے کی لوڈنگ نہ ہوسکی اور کوئلے کی ترسیل روک دی گئی۔ ٹرانسپورٹروں نے دکی شاٹ کاٹ اور دیگر مختلف علاقوں میں ٹرک کھڑے کرکے احتجاج شروع کردیا، احتجاج کی وجہ سے مختلف مقامات پر سیکڑوں ٹرک کھڑے ہوئے ہیں، جس سے ٹرانسپورٹروں سمیت کول سپلائر ایسوسی ایشن کو مشکلات کا سامنا ہے۔ ٹرک ایسوسی ایشن کے صدر بسم اللہ زخپیل کے مطابق کرایوں میں اضافے سمیت دیگر مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رہے گا۔ کرایے نہ ہونے کے برابر ہیں، ٹرک مالکان کو فائدے کے بجائے خسارے کا سامنا ہے، دکی سے فی ٹن کرایہ 3200 جبکہ ہرنائی اور شاہرگ کا بالترتیب 4000 اور 4700 ہے، کول سپلائرز ایسوسی ایشن والے اگر مذاکرات کرنا چاہتے ہیں تو ہم تیار ہیں، ہم مذاکرت کے لیے ان کے پاس نہیں جائیں گے، احتجاج کی وجہ سے ہم نے صرف اپنے ٹرک روکے ہیں، روڈ بند نہیں کیے جارہے۔ دوسری طرف ڈپٹی کمشنر عظیم کاکڑ نے کہا کہ کوئلے کی ترسیل کے حوالے سے آئندہ چند دنوں تک اہم فیصلے کرکے کوئلے کی ترسیل یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں مجاز حکام کو باقاعدہ طور پر لکھا گیا ہے، منظوری ملتے ہی لائحہ عمل طے کریں گے۔