جھڈو، ریلوے اراضی پر بنی چھپرا مارکیٹ میں آتشزدگی

228

جھڈو (نمائندہ جسارت) اسٹیشن روڈ پر ریلوے کی اراضی پر قائم چھپرا مارکیٹ میں رات کی تاریکی میں ایک ماہ میں دوسری بار آگ بھڑک اٹھی، درجن کے قریب چھپرا نما دکانیں خاکستر ہوگئیں، غریب دکانداروں کا لاکھوں روپے کا نقصان، متاثرہ دکانداروں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ آگ جان بوجھ کر لگائی گئی ہے۔ واقعے کی غیر جانبدارنہ تحقیقات کروا کر نقصان کا ازالہ کیا جائے۔ جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب جھڈو کے اسٹیشن روڈ ریلوے کی اراضی پر لب سڑک قائم چھپرا نما مارکیٹ میں رات کی تاریکی میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، آگ نے چھپرا نمادکانوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا اور دیکھتے ہی دیکھتے درجن کے قریب دکانیں خاکستر اور لاکھوں روپے کا سامان بھی جل گیا۔ جھڈو ٹاون کمیٹی کی فائر بریگیڈ کئی سال سے خراب ہونے کے باعث نوکوٹ سے فائر بریگیڈ منگوائی گئی جو تاخیر سے پہنچی، جس کے باعث اہل علاقہ نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے کی کوشش کی۔ متاثرہ دکانداروں کا کہنا ہے کہ ان کا لاکھوں روپے کا سامان خاکستر ہوگیا۔