شوگر مافیا کا اہم کارندہ میرپور خاص سے گرفتار

226

کراچی(نمائندہ جسارت) شوگرمافیا کے خلاف ایف آئی اے کی کارروائیاں جاری، چینی کی قیمت میں مصنوعی اضافے میں ملوث شوگر مافیا کا اہم کارندہ میرپور خاص سے گرفتار،ملزم کے 7 بے نامی اکاؤنٹس کے ذریعے کروڑوں روپے کے سٹے بازی کے شواہد سامنے آئے ہیں۔ ایف آئی اے کرائم سرکل میرپور خاص کے مطابق ملزم جگل کشور فری لانس بروکر ہے اور دیگر 11 سٹے بازوں کے ساتھ چینی کے داموں میں مصنوعی اضافے میں ملوث ہے، ملزم جے ڈی ڈبلیو شوگر مل کے علاوہ میرپور خاص کی 3 شوگر ملز کے ساتھ کام کرتا رہا ہے۔ اس کے ساتھی بھی کسی شوگر مل کے باقاعدہ بروکر نہیں۔ ملزم اپنے ساتھیوں کے ساتھ شوگر مافیا کے مختلف واٹس اپ گروپ کے ذریعے سٹے بازی میں ملوث ہے، جس کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے مزید کارروائی کی جاریی ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے وصی اللہ بھٹی نے بتایا کہ ملزم کے بے نامی اکاؤنٹس کے علاوہ ملزم کے دیگر ساتھیوں کے بے نامی اکاؤنٹس کا بھی سراغ لگایا جا رہا ہے۔