عمران خان کو ان کے اپنے ساتھی چھوڑ رہے ہیں،مرتضیٰ وہاب

142

کراچی(نمائندہ جسارت)ترجمان سندھ حکومت اور مشیر قانون و ماحولیات بیرسٹر مرتضٰی وہاب نے کہا ہے کہ دو سال قبل فیڈرل بی ایریا میں گندگی کے ڈھیر اور سڑکیں ٹوٹی پھوٹی تھی جس کیلیے سندھ حکومت نے 38 کروڑ روپے مختص کیے اور آج اس علاقے میں گندگی سیوریج اور سڑکوں کا مسئلہ نظر نہیں آتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیڈرل بی ایریا انڈسٹریل اینڈ ٹریڈنگ ایسوسی ایشن ( فباٹی ) میں فلٹریشن پلانٹ کی افتتاحی تقریب میں بحیثیت مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے دروازے تاجروں کیلیے کھلے ہوئے ہیں کیونکہ صنعتی ترقی میں مزدور اور تاجر اہم جز ہیں اور پیپلز پارٹی عوام کی حقیقی سیاسی جماعت ہے۔ بعد ازاں ترجمان سندھ حکومت نے میڈیا کے نمائندوں کے سوالات کا جواب دینے ہوئے کہا کہ جزائر سندھ حکومت کی ملکیت ہیں کیونکہ صدارتی آرڈیننس اب ختم ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان پہلے کہتے تھے کہ مسائل حل کروں گا اور اب کہتے ہیں زمین بیچوں گا۔ جہانگیر ترین کے عشائیے کے بعد یہ بات ثابت ہوچکا ہے وزیراعظم کے پاس عددی اکثریت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے لوگ یہ بتائیں کہ انہوں نے پاکستان کے بائیس کروڑ لوگوں کے لیے کیا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم، جی ڈی اے اور تحریک انصاف نے مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں متنازع مردم شماری کو منظور کرنے کی کوشش کی جبکہ پیپلز پارٹی نے مشترکہ مفادات کے اجلاس میں متنازع مردم شماری کو منظور ہونے سے روکا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ماحولیاتی تبدیلی پر قابو پانا ہو گا۔ سندھ کے جزائرپر چائنا کٹنگ کی گئی۔ جزائر پر قبضہ کی غرض سے بنایا گیا قانون ختم ہو چکا ہے۔ عمران خان نے کہا تھا میں تبدیلی لائوں گا مگر عمران خان تبدیلی کے بجائے ملک کی زمینیں فروخت کر رہے ہیں اور عمران خان کے ساتھی ان کو چھوڑ کر جا رہے ہیں۔ عمران خان وفاق میں اپنی اکثریت کھو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کس طرح کی حکومت ہے ان کے لیے کہوں گا “کچھ شرم ہوتی ہے کچھ حیاء ہوتی ہے”. پی ٹی آئی نے کبھی مزدوروں کی بات نہیں کی۔