امریکی بحری بیڑا بلا اجازت بھارتی حدود میں داخل

464
بحرہند: امریکی بیڑا یو ایس ایس جان پال جونز منزل کی جانب رواں دواں ہے

نئی دہلی/ واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) ایک امریکی بحری بیڑے نے بھارت کی سمندری حدود پامال کردیں، جس کے باعث دونوں ممالک کے درمیان تلخی دیکھنے میں آئی۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ان کے ساتویں بحری بیڑے یو ایس ایس جان پال جونز نے بدھ کے روز عالمی قوانین کے تحت بھارت کی منظوری لیے بغیر اس کے خصوصی اقتصادی زون میں بحری فوجی مشق ’’فریڈم آف نیوی گیشن‘‘ کی تھی۔ صورت حال کو سنبھالنے کے لیے نئی دہلی اور واشنگٹن کے درمیان سفارتی سرگرمیاں بھی تیز ہوگئی ہیں۔ بھارت نے لکش دیپ جزیرے سے تقریباً 130ناٹیکل میل دور اپنے خصوصی اقتصادی زون میں امریکی بحری بیڑے کے بلا اجازت داخل ہوجانے پر سخت اعتراض کیا ہے اور یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دونوں ممالک میں قربتیں بڑھتی ہی جارہی ہیں۔ بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان اریندم باگچی نے جمعہ کے روز کہا کہ بحری قوانین کے حوالے سے اقوام متحدہ کے کنونشن کے مطابق بھارت کا یہ واضح موقف ہے کہ خصوصی اقتصادی زون میں اجازت کے بغیر وہاں کوئی فوجی مشق نہیں کی جاسکتی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے سفارتی سطح پر اپنی تشویش سے امریکی حکومت کو آگاہ کردیا ہے اور یوایس ایس جان پال جونز پر مسلسل نگاہ رکھی جارہی ہے۔ اریندم باگچی کا مزید کہنا تھا کہ اس طرح کی مہم بھارت کی بحری سیکورٹی پالیسی سے متصادم ہے اور اس کے لیے امریکی بحریہ کو پیشگی اجازت لینی چاہیے تھی۔ بھارتی عہدے دار نے یہ بھی کہا کہ کنونشن کے مطابق بغیراجازت اس کے علاقے میں ہتھیار یا دھماکا خیز مادے استعمال نہیں کیے جاسکتے۔