اسرائیلی دہشت گردی‘ 3ماہ میں 18 فلسطینی شہید

257

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) قابض اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں رواں سال کے پہلے 3 ماہ میں 18 فلسطینی شہید کردیے گئے۔ القدس اسٹڈی سینٹرکی طرف سے جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2021ء کے دوران قابض فوج نے 18 فلسطینیوں کو شہید کیا، جن میں 2 اسیران اور ایک معذور شہری شامل ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مارچ 2021ء میں اسرائیلی فوج نے 3 ماہی گیروں سمیت 5 فلسطینیوں کو شہید کیا۔ مارچ میں 45 سالہ عاطف یوسف حنایشہ کو نابلس میں بیت دجن کے مقام پر گولیاں مار کر شہید کیا گیا۔ عاطف حنایشہ یہودی آباد کاری کے خلاف نکالی گئی ایک ریلی میں شریک تھے جہاں انہیں گولی ماری گئی۔ ادھر قابض صہیونی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے میں گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران مزید 7 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق جمعہ کے روز اسرائیلی فوج نے غرب اردن کے شمالی شہر نابلس میں عراق بورین کے مقام پر چھاپامار کارروائی کے دوران 3 فلسطینی نوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔ ادھر اسرائیلی جیل سے رہائی پانے والا منصور الشحاتیت اپنا ذہنی توازن کھو بیٹھا ہے۔